کراچی: پولیس نے عوامی کالونی کورنگی تھانے میں نوجوان اسامہ جاوید کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شادی سے قبل قتل ہونے والے نوجوان اسامہ جاوید کے قتل کی ایف آئی آر ان کے والد کی مدعیت میں عوامی کالونی کورنگی تھانے میں قتل کے دفعات کے تحت درج کر لی گئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتول کے والد نے بیان دیا کہ جمعے کی شب بیٹے کے مایوں کے لیے دلہن کے گھر جانا تھا، اسامہ کا دوست طلحہ اسے گھر لینے آیا تھا، دلہن کے گھر سے واپس آئے تو اسامہ گھر پر نہیں تھا، کال کی تو نمبر بند تھا۔
والد نے کہا ہفتے کے دن معلوم ہوا کہ کورنگی دارالعلوم کے پاس کسی نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے، اسپتال میں لاش دیکھی تو بیٹے کو شناخت کر لیا۔ والد نے بیان میں کہا میرے بیٹے اسامہ کو اس کا دوست طلحہ اپنی کار میں لے کر گیا تھا اسی نے قتل کیا ہے۔
ادھر پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی ہے، گاڑی سے خون کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں، پولیس حکام کے مطابق طلحہ نے دیگر 2 ساتھیوں کے ہمراہ اسامہ کو گولی مار کر قتل کیا تھا۔
طلحہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جب کہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔