سعودی وزارت سیاحت کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں جن چار ہوٹلوں کو سیل کردیا گیا تھا اُن ہوٹلوں کو پرمٹ کے بغیر دوبارہ کھولنے پر دگنی سزا دی جائے گی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت سیاحت کے تفتیشی انسپکٹرز نے مکہ مکرمہ میں ہوٹلوں پر پندرہ ہزار سے زیادہ وزٹ کیے۔
تفتیشی انسپکٹرز نے اس دوران 283 ہوٹلوں کو سیل کیا، بغیر پرمٹ کے 299 ہوٹل کاروبار کرنے میں مصروف تھے۔
وزارت سیاحت کے مطابق تفتیشی عمل کے دوران چار ایسے ہوٹل ریکارڈ پر آئے جنہیں متعدد خلاف ورزیوں کی بنیاد پر سیل کردیا گیا تھا اور وہ بغیر پرمٹ کے دوبارہ کاروبار کرنے میں مصروف تھے۔
سعودی وزارت سیاحت کا کہنا تھا کہ ’قانون سیاحت کے تحت ان ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور دگنی سزا دی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو ہوٹل پرمٹ کے اجرا کی پابندی نہیں کررہے ہیں ان کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، انہیں قانون سیاحت میں موجود سزا دی جائے گی۔
وزارت کے مطابق تفتیشی کمیٹی جس ہوٹل کو بھی سیل کرنے کا فیصلہ کرے گی اسے فوری بنیاد پر نافذ کیا جائے گا۔مکہ مکرمہ گورنریٹ اور مکہ پولیس کے تعاون سے کام کیا جائے گا۔
مکہ مکرمہ کے محلوں میں پری پیڈ پارکنگ کا منصوبہ
وزارت سیاحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران سیل کیے جانے والے تمام ہوٹلوں میں تفتیشی کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ جاری کردہ سزا پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔