مالاکنڈ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت میں آ کر پہلے ہی دن تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا۔
جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت میں آ کر پہلے دن ہی سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا، بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا جبکہ آصف زرداری نے 12 سال جیل کاٹی، آصف زرداری بھی انتقام کی بات کر سکتے تھے، وہ کہہ سکتے تھے کہ جس نے میری زبان کاٹی میں بھی اس کی کاٹوں گا لیکن اس کے باوجود انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسی نفرت پیدا کی گئی بھائی بھائی سے لڑ رہا ہے، سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کر دیا گیا، میں وزیر اعظم بن کر اشرافیہ کو تکلیف اور عوام کو ریلیف پہنچاؤں گا، 17 وزارتوں کو بند کر کے 300 ارب روپے عوام کو خرچ کروں گا، اشرافیہ کو سالانہ 1500 ارب روپے سبسڈی دی جاتی ہے۔
متعلقہ: بلاول بھٹو کی (ن) لیگ اور بانی پی ٹی آئی پر کڑی تنقید
انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے وزیر اعظم بنا تو یہ سبسڈی ختم کر کے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، لوگوں کی آمدن دگنی کروں گا، 300 یونٹ تک عوام کو مفت بجلی فراہم کروں گا، میرا 10 نکاتی ایجنڈا ہے جس سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ کروں گا۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ وفاق میں 17 اضافی وزارتیں ہیں جو 18ویں ترمیم کے بعد نہیں بنتی، میں ان وزارتوں کو ختم کر کے وہ پیسہ آپ پر خرچ کروں گا، ان پیسوں سے ایسے معاشی منصوبے لائیں گے جن سے عوام کو فائدہ ہوگا، عوام کی آمدنی میں اضافہ بھی کریں گے اور دگنی کر کے دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا لیکن ایک گھر نہیں بنایا، سندھ میں سیلاب کے بعد 20 لاکھ گھر بنانا شروع کر دیے، آپ تیر پر ٹھپہ لگائیں میں پورے پاکستان میں 30 لاکھ گھر بناؤں گا، سندھ کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی مفت علاج کے ادارے بنائیں گے۔