اے آر وائی نیوز کی ٹیم سرعام کے بعد اب عام شہریوں نے بھی جعلی اور شعبدہ باز پیر حق خطیب کے فراڈ کا پول کھول دیا۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ میرے بھانجے کی طبیعت بہت ناساز تھی جسے میری بہن پیر حق خطیب کے پاس لے گئی، اس پیر نے اپنے علاج کے نام پر تمام ادویات کھلانا بند کروادیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کے میزبان اور تحقیقاتی صحافی اقرار الحسن نے جعلی پیر حق خطیب کی شعبدہ بازیوں اور چالاکیوں کا پردہ چاک کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
آج انہوں نے لاہور کے انارکلی بازار میں شہریوں کے سامنے ایک خاتون کی آنکھ میں سے چین نکال لی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف کرتب اور آنکھوں کا دھوکہ ہے اس کا کسی کرامت سے کوئی تعلق نہیں۔
اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے بھی پیر حق خطیب کو بے نقاب کرنے پر اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ پیر حق خطیب سب کا علاج کرتے تھے اب ان کا علاج ہونا شروع ہوگیا ہے، شہری نے بتایا کہ اس کی بہن کا 11 سالہ بیٹا کافی بیمار تھا جس کا علاج جاری تھا وہ بھی کسی کے کہنے پر اپنے بیٹے کو لے کر وہاں گئی تھی۔
پیر نے اس بچے کی ادویات رکوا دیں اور چھ سات مہینے تک چکر لگواتا رہا آخر کار تکالیف برداشت نہ کرتے ہوئے ایک دن میرا بھانجا اللہ کو پیارا ہوگیا۔