اشتہار

فضا میں تیرتے ’دریا‘ نے کیلیفورنیا کو ڈبو دیا، بڑی تباہی

اشتہار

حیرت انگیز

لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں سے بڑی تباہی مچ گئی ہے، درخت گرنے سے کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ طاقت ور طوفان سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور بجلی کی بندش کا باعث بنا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں سے تباہی مچ گئی ہے، شہر لاس اینجلس میں موسلادھار 8 انچ بارش ہوئی، اور بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان ایک ’’ماحولیاتی دریا‘‘ کے اثر کی وجہ سے آیا ہے، جس میں ہوتا یہ ہے کہ پانی ہوا میں بخارات بن جاتا ہے، جسے ہوا لے کر چلنے لگتی ہے اور آسمان میں اس سے بہتی ہوئی لمبی دھاریں بن جاتی ہیں، بالکل اسی طرح جیسے زمین پر دریا بہتے ہیں۔ سست رفتاری سے چلنے والا یہ طوفان دو ہفتوں میں کیلیفورنیا سے ٹکرانے والا دوسرا ماحولیاتی دریا ہے۔

- Advertisement -

موسلادھار بارش کی وجہ سے ریاست میں 4 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، 6 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے، سڑکیں تالاب بن گئیں، گاڑیاں کیچڑ میں دھنس گئیں، اور متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جس پر گورنر کیلیفورنیا نے 8 کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

ریاست میں فائر حکام کے مطابق 130 سے زائد مقامات پر سیلاب کی صورت حال پیدا ہوئی، جہاں ریسکیو آپریشن کیے گئے، موسمیات نے شدید بارش کا سلسلہ آج تک جاری رہنے اور سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب کینیڈا کے ساحلی علاقوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی ہے، کینیڈین صوبے نوواسکاشیا کے مختلف علاقوں میں 3 فٹ سے زائد برفباری ہوئی، جب کہ جنوب مشرقی کیپ بریٹن اور اطراف میں 39 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، گھروں کے دروازوں تک برف جمع ہو گئی اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے، شہری اپنی مدد آپ کے تحت برف ہٹاتے رہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں