اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے امیدواروں اور کارکنوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا دانستہ طور پر لوگوں کو اٹھانا بالکل بھی مناسب نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی امیدواروں اور کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے شعیب شاہین ،علی بخاری کی درخواست پر احکامات جاری کیے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے پاس جتنی درخواستیں آئیں اسی دن کارروائی ہوئی، الیکشن کمیشن نے آئی جی اسلام آباد کو معاملہ دیکھنے کا حکم دیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ 112 امیدواروں میں سے صرف 2 نے ایسے الزامات لگائے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے تو ان کی ہی شکایات آنی ہیں نا تو ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ ہم نے تمام جماعتوں کو ایک جیسی لیول پلیئنگ فیلڈدی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ایس ایس پی آپریشنز سے استفسار کیا واقعی؟ ایس ایس پی آپریشنز نے جواب دیا کہ بالکل، اس قسم کی کوئی صورتحال نہیں، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے یقینی بنائیں کہ کسی کارکن کو ہراساں نہ کیا جائے، دانستہ طور پر لوگوں کو اٹھانا بالکل بھی مناسب نہیں۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ آپ ذمہ داری لے رہے ہیں تو آپ نے اس بات کو یقینی بھی بنانا ہے، عوام کا اعتماد ہی سب سے اہم ہے۔