نگراں وفاقی کابینہ نے سرکاری سطح پر گندم کی درآمد روکنے کی منظوری دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکاری سطح پر گندم کی درآمد روکنے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے اس حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے یکم فروری کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے منظوری دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ای سی سی نے یکم فروری کو سرکاری سطح پر گندم کی درآمد روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کے ذخائر تسلی بخش اور وافر مقدار میں موجود ہیں اس لیے ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے اب مزید گندم بیرون ملک سے درآمد کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گندم کی کاشت مقررہ ہدف سے 1.8 فیصد زائد ہوئی ہے اور رواں سال گندم کا پیداواری ہدف 32.1 ملین ٹن حاصل کر لیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹی سی پی نے حال ہی میں ایک لاکھ 10 ہزار ٹن گندم درآمد کا ٹینڈر جاری کیا تھا۔