الیکشن 2024 پاکستان: پولنگ کی مکمل کوریج اور معلومات – لائیو

0
3104

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے لئے ملک بھر میں پولنگ عمل  بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہا۔

نوٹ غیر حتمی و غیرسرکاری نتائج کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔

قومی اسمبلی کی دو سو پینسٹھ اور صوبائی اسمبلیوں کی پانچ سو نوے نشستوں پر مقابلہ تھا، پاکستان مسلم لیگ نواز ، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، متحدہ قومی موومنٹ- پاکستان ، جماعت اسلامی (جے آئی)، جمعیت علمائے اسلام فضل (جے یو آئی ف)، تحریک لبیک پاکستان اور آزاد امیدواروں کی تعداد میدان میں ہیں۔

ملک میں پہلی بار سترہ ہزار آٹھ سو سولہ امیدوار میدان میں ہیں اور رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد بارہ کروڑ پچاسی لاکھ پچاسی ہزار سات سو ساٹھ ہے۔

ووٹ ڈالنے کیلئے اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم تھا جبکہ زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ کاسٹ کیا گیا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر کا استعمال کیا گیا تاہم پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون،کیمرہ،ہینڈ بیگ لے جانے پرپابندی تھی۔


انتخابات کیلئے ملک بھر میں پولنگ کا وقت ختم


17.00: انتخابات کیلئے ملک بھر میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں موجودووٹرزووٹ ڈال سکیں گے، ملک بھرمیں پولنگ 5بجےتک بلاتعطل جاری رہی، غیر حتمی نتائج 6 بجےکےبعدنشر ہوسکیں گے۔

الیکشن کمیشن کا پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ


16.44 الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے احاطےمیں موجودووٹرز 5بجے کےبعدبھی ووٹ ڈال سکیں گے، پولنگ کا عمل 5بجے ختم ہو جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کا پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ


16.41 : پاکستان تحریک انصاف نے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کردیا اور الیکشن کمیشن پاکستان میں باضابطہ درخواست جمع کرانے کا فیصلہ کرلیا، پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ موبائل ،انٹرنیٹ بندش کےباوجودووٹ کیلئےنکلنے پرعوام کےشکرگزار ہیں، الیکشن عملے کی سست روی کا شکار ہونےکی بےپناہ شکایات ہیں۔

کندھ کوٹ: پولنگ اسٹیشن پر ڈنڈا بردار افراد کا حملہ


16.39: کندھ کوٹ میں غوث پورسید محسن شاہ پولنگ اسٹیشن پر ڈنڈا بردار افراد نے حملہ کردیا، حملے میں 10افراد زخمی ہوئے ، جس کے بعد پولنگ کاعمل بند کردیا گیا ، اور پولیس کی نفری پہنچ گئی، ،پریزائیڈنگ افسر نے بتایا کہ ڈنڈا بردار افراد نے بیلٹ پیپر بھی چھیننے کی کوشش کی۔

الیکشن کمیشن نے دو حلقوں کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا وقت بڑھا دیا


16.32 :الیکشن کمیشن نے دو حلقوں کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا وقت بڑھا دیا، این اے 62 گجرات اور پی پی 28 گجرات کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر 2گھنٹے کا وقت بڑھایا گیا جبکہ پولنگ اسٹیشنز 250،304 اور 338 پر وقت بڑھایا ہے۔

لاہور: این اے 126میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنان آمنے سامنے


16.24: لاہور کے این اے 126میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آگئے ، مصطفی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر کارکنان کی ایک دوسرے سے ہاتھا پائی ہوئی تاہم کارکنان میں جھگڑے کےبعد پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی اور پولیس نے دونوں پارٹیوں کے متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

نوشہروفیروز : مٹھیانی کے پولنگ اسٹیشن پر شرپسندوں نے دھاوا


16.11 : نوشہروفیروز میں مٹھیانی کے پولنگ اسٹیشن پر شرپسندوں نے دھاوا بول دیا ، شرپسندوں نے ایلیمنٹری کالج پولنگ اسٹیشن پرخواتین عملے کوہراساں کیا اور شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن میں گھس کر بیلٹ پیپرز پر ٹھپےلگائے۔

این اے 236 : راشد منہاس پرہاؤسنگ سوسائٹی میں پولنگ اسٹیشن کے باہر قطاریں


16.00:این اے 236 میں راشد منہاس پرہاؤسنگ سوسائٹی میں پولنگ اسٹیشن کے باہر قطاریں لگ گئیں شہریوں کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کے کیلئے پولنگ اسٹیشن کے باہر جمع ہیں ،اسی پولنگ اسٹیشن پر عملہ نہ ہونے کی وجہ سے پولنگ گھنٹوں تاخیر سے شروع ہوئی۔

سانگھڑ : پی پی اور جی ڈی اے کارکنوں کی جانب سے لاتوں اور گھونسوں کا استعمال


15.46 : سانگھڑ میں این اے 210 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 897 پر پی پی اور جی ڈی اے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، پی پی اور جی ڈی اے کارکنوں کی جانب سے لاتوں اور گھونسوں کا استعمال کیا گیا، جھگڑے کے باعث پولنگ رکی ، پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا تاہم کارروائی کے بعد پولنگ دوبارہ شروع کرادی گئی۔

جعلی فارم45پولنگ ایجنٹس کوپیش کیا جائے گا، اخترمینگل کا الزام


15:44 : اخترمینگل نے الزام عائد کیا ہے کہ معلومات موصول ہوئی ہیں جعلی فارم45پولنگ ایجنٹس کوپیش کیا جائے گا اور بعض پولنگ اسٹیشنز پر افراتفری پھیلانے کی کوششیں کی جائیں گی۔

رحیم یارخان : ن لیگ اور پی پی کارکن میں فائرنگ، 5افراد زخمی


15.41 : رحیم یارخان میں چک نمبر171کےپولنگ اسٹیشن پر ن لیگ اور پی پی کارکن آمنے سامنے آگئے ، جھگڑے کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوئے ، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

موبائل سروس کے حوالے سے سوال پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا جواب


15.39: موبائل سروس کے حوالے سے سوال پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ دیکھیں مجھے نہیں پتا لوگوں کو کیا مشکلات ہیں، آپ کو پتا ہے ملک میں دہشتگردی کی لہر ہے، انتخابات میں پولنگ پر امن طریقے سے جاری ہے۔

 کوئٹہ : پی بی 7 زیارت میں دو گروپوں میں فائرنگ ، ووٹنگ کاعمل معطل


15.38: کوئٹہ کے پی بی 7 زیارت میں پرانا سنجاوی میں دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، تصادم کے بعد متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں ووٹنگ کاعمل معطل کردیا گیا ، ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ پولنگ دوبارہ شروع کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

این اے 236 : گلستان جوہر کےپولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر کمرے میں جاکر سوگیا


15.35 : این اے 236 میں گلستان جوہر کےپولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر کمرے میں جاکر سوگیا ، جس کے باعث پولنگ اسٹیشن پر مرد اور خواتین ووٹرز کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔

کراچی:پریذائیڈنگ افسر کے خلاف پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کی شکایات کے انبار لگ گئے ، ووٹرز نے شکایت کی کہ صبح ووٹنگ کا عمل بھی 10 بجے کے بعد شروع کیا گیا، جس پر پریزائیڈنگ افسر نے کہا کہ میری طبیعت کل رات سے خراب ہے، میرا تعلق کے ایم سی سے ہے۔

پیپلزپارٹی کا چیف جسٹس سپریم کورٹ سے موبائل نیٹ ورک کی بندش کا نوٹس لینے کا مطالبہ


15.34 : پیپلزپارٹی نے موبائل نیٹ ورک کی بندش کیخلاف چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خط لکھ کر موبائل بندش کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا اور کہا عدلیہ کی واضح ہدایات تھیں الیکشن کےروز نیٹ ورک بندنہ کیاجائے، موبائل سروس معطلی کی ن لیگ کے علاوہ تمام جماعتوں نےمذمت کی ہے۔

حیدرآباد این اے 220 کا پولنگ اسٹیشن میدان جنگ بن گیا


15.31: حیدرآباد این اے 220 کا پولنگ اسٹیشن میدان جنگ بن گیا ، پی پی اور ایم کیوایم کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ اور فائرنگ کی۔

این اے 220 کے سینٹ بوناوینچرپولنگ اسٹیشن پر پی پی اور ایم کیو ایم کارکنوں میں جھگڑا ہوا، دونوں جماعتوں کے حامیوں میں گارڈ کے اندر داخل اور روکنے پر تلخ کلامی ہوئی تاہم پولیس، رینجرز اور فوج نے پہنچ کر صورتحال پر کنٹرول کرلیا ہے۔

نصیرآباد: متعدد پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی کارکنوں میں جھگڑے، کئی افراد زخمی


15.30 : نصیرآباد کے پی بی 14 پولنگ اسٹیشن شربت خان عمرانی کے باہر جھگڑے میں 4افرادزخمی ہوئے جبکہ پی بی 13لائیو اسٹاک پولنگ اسٹیشن میں بھی جھگڑا سے 5 افراد زخمی زخمی ہوئے۔

پولنگ اسٹیشن جاگن خان عمرانی میں بھی سیاسی کارکنوں میں جھگڑے کے دوران 6 افراد اور پی بی 14 عبداللہ جتک مولوی لہڑی میں جھگڑے کے دوران 7 افراد زخمی ہوئے۔

کراچی: این اے 229 کے پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا


15.30: کراچی میں این اے 229 کے پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، پپری سچل سرمست اسکول پولنگ اسٹیشن کے باہر جھگڑےمیں 2 افراد زخمی ہوگئے ، پتھراؤ کے نتیجےمیں 2افراد زخمی ہوئے تاہم پولیس نے پہنچ کر جھگڑا ختم کرا دیا۔

سینیٹر تاج حیدرکا الیکشن کمیشن کو انتخابی عذرداری کے حوالے سے خط


15.29 : تھرپارکر میں پی پی پی مرکزی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو انتخابی عذرداری کے حوالے سے خط لکھا۔

جس میں کہا کہ این اے-215 تھرپارکر پر پی پی پی امیدوار ڈاکٹر مہیش ملانی سے شکایت موصول ہوئی ہے اور مٹھی میں 50 سے 100 نقاب پوش موٹر سائیکل سوار جی ڈی اے کے جھںڈے لگار شہر میں گھوم رہے ہیں، مذکورہ نقاب پوش موٹر سائیکل سوار ووٹرز کو ہراساں کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن معاملے کا بلاتاخیر نوٹس لے، متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کرے۔

مظفرگڑھ : این اے 176 محال کھاکھی میں پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ، پولنگ روک دی گئی


15: 15مظفرگڑھ کے این اے 176 محال کھاکھی میں پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ ہوئی ، فائرنگ کےبعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا اور پولیس کی نفری طلب کرلی گئی۔

پنجگور: وشبود میں پولنگ اسٹیشن کے قریب دھماکا، 2 بچے جاں بحق


15.10 : پنجگور کے علاقے وشبود میں پولنگ اسٹیشن کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے ، دھماکے بعد بھگدڑمچ گئی اور پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی، دھماکے کے بعد گورنمنٹ ہائی سکول ملک آباد پولنگ اسٹیشن میں پولنگ روک دی گئی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ : نواحی گاؤں کے پولنگ اسٹیشن میں خواتین کا کوئی ووٹ کاسٹ نہیں ہوا


15.09 : ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نواحی گاؤں کے پولنگ اسٹیشن میں خواتین کا کوئی ووٹ کاسٹ نہیں ہوا، پولنگ اسٹیشن پر عملہ موجود مگر کوئی خاتون ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئی۔

اگر صورتحال بہتر رہی تو ان شااللہ جلد سروس بحال ہوگی، وزیراطلاعات سندھ


15.06 :وزیراطلاعات سندھ احمد شاہ نے بیان میں کہا ہے کہ کچھ خدشات کےباعث موبائل نیٹ ورک بند ہوئے ہیں، اگر صورتحال بہتر رہی تو ان شااللہ جلد سروس بحال ہوگی، کل کچھ واقعات ہوئے ہیں، جس کا نوٹس لیا گیا ہے۔

احمد شاہ کا کہنا تھا کہ عوام عقلمند ہے ،ووٹ کہاں رجسٹرڈ ہے پہلے نکال کر رکھا ہے، میں نے بھی اپنا پولنگ اسٹیشن ایک ہفتہ پہلے نکال کر رکھا تھا، موبائل سروس بند کرنےکااختیارصوبائی حکومت کانہیں۔

ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، الیکشن کمیشن


15.05 :الیکشن کمیشن کی جانب سے بیان میں کہا ہے کہ ووٹنگ کاوقت بڑھانےکی کوئی تجویززیرغورنہیں، ووٹنگ کاوقت شام 5بجےتک برقرار رہے گا، غیر حتمی نتائج 6 بجےکےبعد نشر ہوسکیں گے۔

حمزہ شہباز نے ووٹ کاسٹ کرلیا


14.56 : مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے ووٹ کاسٹ کرلیا ، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ جتنا اچھا ٹرن آؤٹ ہوگا اتنا اچھا انتخاب ہوگا، آج کے الیکشن آنیوالےپاکستان کےمستقبل کافیصلہ کریں گے ، الیکشن میں واضح مینڈیٹ کسی جماعت کو ملے، میں تو پر امید کو انشااللہ سادہ اکثریت ملے گی، اگر سادہ اکثریت نہ ملی تو مشاورت کریں گے۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ


14.55 : وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا ، جہاں انتخابی عمل اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

پریزائیڈنگ اوراسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کی وزیراعظم کو بریفنگ دی ، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اندازہ ہےموبائل سروس بند ہونے سے کیا مشکلات ہیں تاہم ٹرن آؤٹ سے متعلق کوئی بات کرناقبل ازوقت ہوگا۔

نوشہروفیروز: پی ایس 33 میں دوجماعتوں میں تصادم ، 5 افراد زخمی


14.50 : نوشہروفیروز میں این اے 206 کے پی ایس 33 میں دوجماعتوں میں تصادم ہوا، جھگڑے کے دوران فائرنگ میں 5 افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جھگڑے کے بعد پولنگ اسٹیشن علی بخش سولنگی پرپولنگ روک دی گئی ہے۔

مظفرگڑھ : دوگروپوں کے درمیان تصادم ، پولنگ روک دی گئی


14.46 : مظفرگڑھ کے علاقے ماہڑہ فراز میں دوگروپوں کے درمیان تصادم ہوا ، جس کے باعث پولنگ اسٹیشن نمبر 119پر پولنگ روک دی گئی تاہم جھگڑے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور پولنگ عملہ محفوظ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر اور اسحاق ڈار نے ووٹ کاسٹ کرلیا


14.45 : وزیراعلیٰ سندھ نے پی ای سی ایچ ایس بلاک6میں ووٹ کاسٹ کردیا جبکہ رہنما مسلم لیگ ن اسحاق ڈار نے پولنگ اسٹیشن گلبرگ 3 میں ووٹ کاسٹ کردیا۔

جھنگ : این اے 109 پولنگ اسٹیشن سے ملزمان بیلٹ باکس اٹھا کر فرار


14.43 : جھنگ میں این اے 109اسپیشل اسکول پولنگ اسٹیشن سے ملزمان بیلٹ باکس اٹھا کر فرار ہوگئے ، فوٹیج میں ایک جماعت کےکارکن بیلٹ باکس گاڑیوں میں ڈالتے دیکھاجاسکتا ہے تاہم کشیدگی پر پولنگ اسٹیشن کے باہر فوج طلب کرلی گئی ہے۔

ایچ آر سی پی کا انٹرنیٹ اور موبائل سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ


14.36 : ایچ آر سی پی نے انٹرنیٹ اور موبائل سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کےواضح احکامات کے باوجود موبائل سروس بند کی گئی ، پی ٹی اے کاکہنا ہے حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے۔

مریم نواز نے ووٹ کاسٹ کرلیا


14.34 : پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے این اے127 میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

بدین کے این اے 223 میں سیاسی جماعت کےکارکن آپس میں لڑپڑے

14.33 : بدین کے این اے 223 میں سیاسی جماعت کےکارکن آپس میں لڑپڑے ، گورنمنٹ ہائی اسکول گولاڑچی کے باہر جھگڑے سے متعد کارکن زخمی ہوئے جبکہ 2کارکنان کو گرفتار کرکے گاڑیوں سے اسلحہ برآمد بھی کرلیا۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے ووٹ کاسٹ کردیا


14.31 : کراچی میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری نےکلفٹن میں ووٹ کاسٹ کردیا اور کہا عوام ووٹ کاسٹ کریں تاکہ ملک وقوم کی تقدیربناسکیں، کچھ علاقوں میں موبائل سروس بحال ہوناشروع ہوگئی تاہم کسی جماعت کوبھی حالات خراب کرنےکی اجازت نہیں دیں گے۔

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ، موبائل نیٹ ورک کی بندش فوری ختم کرنے کا مطالبہ


14.29 : پی ٹی آئی نے موبائل نیٹ ورک بندش پر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر موبائل نیٹ ورک کی بندش فوری ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کوخط سینیٹر علی ظفر نےلکھا ،جس میں کہا موبائل سروس کی بندش شفاف انتخابات میں بڑی رکاوٹ ہے۔

نارووال : این اے 75 شکرگڑھ سے دانیال عزیز گرفتار


14.27 : نارووال میں این اے 75 شکرگڑھ سے دانیال عزیز کو گرفتار کرلیا گیا، اہلیہ مہناز اکبر عزیز نے دعویٰ کیا کہ دانیال کو موڑ سلہریاں پر ناکےسے گرفتار کیا گیا اور دانیال عزیزپربدترین تشدد بھی ہوا اور انھیں زبردستی گاڑی میں ڈالا گیا۔

مٹیاری این اے 216 : ن لیگ اور پیپلزپارٹی کارکنوں میں تصادم


14.23 : مٹیاری کے این اے 216 میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کارکنوں میں تصادم ہوا ، جس کے باعث شاہ محمدڈاہری پولنگ اسٹیشن پرپولنگ کاعمل روک دیاگیا اور پولیس کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی۔

جڑانوالہ: این اے196 کے 2 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرزآپس میں لڑپڑے


14.21 : جڑانوالہ کے این اے196 کے 2 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرزآپس میں لڑپڑے ، جھگڑے کے دوران پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ، ووٹرز میں جھگڑے کے باعث پولنگ ایک گھنٹہ روک کر شروع کردی گئی۔

بنوں : پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے حلیم زادہ کارکنوں کی پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ


14.20 : بنوں میں پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے حلیم زادہ کارکنوں نے پولنگ سٹیشن کے باہر فائرنگ کردی جبکہ مسلح افراد نے پرائمری اسکول شگئی مچن خیل سےبیلٹ پیپر چھین کر لے گئے۔

ملک بھر میں پولنگ جاری،کوئی تشویشناک بات نہیں آئی، گوہراعجاز


14:18 : :نگراں وزیرداخلہ گوہراعجاز نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ملک بھر میں پولنگ جاری،کوئی تشویشناک بات نہیں آئی، بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا کے حساس علاقے ہیں، 6لاکھ سےزائدسیکیورٹی اہلکارفرائض انجام دے رہے ہیں۔

چکوال: پولنگ اسٹیشن کے سامنے سیاسی جماعت کے کیمپ پر فائرنگ، 4 افراد زخمی


14.16 : چکوال میں پولنگ اسٹیشن کے سامنے سیاسی جماعت کے کیمپ پر فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے ، پولیس نے بتایا کہ فائرنگ دوگروپوں کےدرمیان ذاتی رنجش پرہوئی، تاہم ریٹرننگ آفیسر نےمتعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پولنگ روک دی گئی۔

کراچی کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹر تاحال پولنگ کےعمل سے محروم


14.15: کراچی میں مومن آباد کے سپریئیر اسکول میں 6 گھنٹے بعد بھی پولنگ شروع نہ ہوسکی جبکہ شاہین گرامر اسکول اورنگی ٹاؤن میں پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

یو اے فاؤنڈیشن اسکول مومن آباد میں بھی پولنگ کا آغاز نہ ہوسکا جبکہ کیمبرج گرامر اسکول اورنگی ٹاؤن میں بھی عملہ نہ پہنچ سکا، اسی طرح جی بی ایس نورانی پبلک اسکول میں بھی ووٹر تاحال پولنگ کےعمل سے محروم ہیں۔

این اے 236 راشد منہاس پرہاؤسنگ سوسائٹی میں انتخابی عملہ تاحال نہ پہنچ سکا۔

کیپٹن(ر) صفدر نے ووٹ کاسٹ کردیا


14.12 : مانسہرہ  کے این اے  15 میں ن لیگ کے رہنما کیپٹن(ر)صفدر نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

تلہ گنگ : این اے 59 پولنگ اسٹیشن کے قریب فائرنگ ،4 افراد زخمی


14.12: تلہ گنگ میں  این اے 59 کے پولنگ اسٹیشن کے قریب فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

صادق آباد : ین اے 174 پولنگ اسٹیشن چک 171 میں ووٹرز میں جھگڑا


14.11 : صادق آباد میں این اے 174کے پولنگ اسٹیشن چک 171 میں ووٹرز میں جھگڑا ہوا ، ووٹرز نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں سے حملے کردیئے ، جس میں 5افراد زخمی ہوگئے۔

سراج الحق نے ووٹ کاسٹ کردیا


14.05 : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے این اے 6 دیرمیں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی بیرسٹر گوہر کے پولنگ انتظامات سےمتعلق بیان پر وضاحت


14.05 : الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کے پولنگ انتظامات سےمتعلق بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا بونیرمیں بھی پولنگ کیلئےبہتراورمناسب انتظامات کیےگئے، ضلع بونیرمیں397 پولنگ اسٹیشنزقائم کیےگئےہیں اور 4604 پولنگ عملہ، 3029 پولیس اہلکار سمیت 32 کیو آر فورس کے اہلکار تعینات ہیں اور ضلع بونیرمیں خوشگوار ماحول میں پولنگ کاعمل اب تک جاری ہے۔

ڈی آئی خان: پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ، 5پولیس اہلکار شہید


14.04 : ڈی آئی خان میں کلاچی کے علاقے گرہ اسلم میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ، جس دہشت گروں کے حملے میں 5پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے لمبی قطاریں


14.02 : بلوچستان کے شہری ووٹ ڈالنے کیلئے بڑی تعدادمیں پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے ، مختلف پولنگ اسٹیشنزپر ووٹ کاسٹ کرنےکیلئےلمبی قطاریں لگ گئیں۔

کوئٹہ،خضدارکےعوام بڑی تعدادمیں پولنگ اسٹیشن پہنچے اور ووٹ کاسٹ میں مصروف ہیں ، بلوچستان کےعوام نے پولنگ کے عمل کو اطمینان بخش قرار دیا اور کہا پولیس اورپاک فوج نے سیکیورٹی کےبہت اچھےانتظامات کیے ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات کی پی بی 45 سے بیلٹ پیپرز کی گمشدگی کی خبرکی تردید


13.54 : نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے پی بی 45 سے بیلٹ پیپرز کی گمشدگی کی خبرکی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے،عوام افواہوں پرکان نہ دھریں، جمہوری نظام کےتسلسل کیلئے شفاف انتخابات نگران حکومت کی ترجیح ہے۔

تاندلیانوالہ : این اے97 کے پولنگ اسٹیشن 154 پر زبردستی ووٹ کاسٹ کرنے کی کوشش


13.53: تاندلیانوالہ کے این اے97 میں پولنگ اسٹیشن 154 پر زبردستی ووٹ کاسٹ کرنے کی کوشش کی گئی، پولنگ اسٹیشن نمبر154میں خواتین گتھم گتھا ہوگئی اور انتظامیہ بے بس نظر آئی۔

گوجرانوالہ : ن لیگ اورآئی پی پی کارکنان کی ایک دوسرے پرتھپڑوں اور مکوں کی بارش


13.52 : گوجرانوالہ میں پی پی 66 کے واہنڈو اسکول کے پولنگ اسٹیشن کے باہر کا رکنان کی ہا تھا پائی ہوئی، ن لیگ اورآئی پی پی کارکنان نے ایک دوسرے پرتھپڑوں اور مکوں کی بارش کردی ،جھگڑے کےدوران پولیس غائب رہی ، مقامی لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا۔

https://youtu.be/L3Nxgxrx6v8?si=iOlqbgzlUxHU9eFv

فون سگنلز،انٹرنیٹ بندش سے متعلق 40سےزائد شکایات موصول


13.46 : ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ اب تک 40سےزائد شکایات موصول ہوئیں، زیادہ تر شکایات فون سگنلز،انٹرنیٹ بندش سےمتعلق تھیں۔

سجاول : ووٹرزنے ووٹ ڈالنے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی


13.45 : سجاول میں این اے 224 کے متعدد پولنگ اسٹیشنزمیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے واقعات ہوئے ووٹرزنے ووٹ ڈالنےکی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

سانگھڑ: این اے209 کے چک نمبر10کے پولنگ اسٹیشن پرپولنگ روک دی گئی


13.44 : سانگھڑ میں این اے209 کے چک نمبر10کے پولنگ اسٹیشن پرپولنگ روک دی گئی ، پریزائیڈنگ آفیسرکےپاس ادھوری لسٹ کےباعث ووٹنگ روکی گئی، شازیہ مری نے کہا کہ کسی کوبھی ووٹ کےحق سےمحروم نہ کیاجائے، پرایزائیڈنگ افسر کو ادھوری لسٹ دی ہے تو ووٹر کا کیا قصور ؟ سازش کےتحت ووٹ ڈالنےسےروکاجارہاہے،الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

صوابی : گاؤں ادینہ میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی


13.35 : صوابی کے این اے 20 میں گاؤں ادینہ میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی لگادی گئی ، پولنگ اسٹیشن پر عملہ تو موجود مگر ووٹ ڈالنے والے خواتین غائب ہیں ،گاؤں ادینہ میں 6ہزار کےقریب خواتین نےحق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔

جہانگیر ترین نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا


13.32 : لودھراں میں چیئرمین آئی پی پی جہانگیر ترین نےاپنا ووٹ کاسٹ کردیا ، جہانگیر ترین نے 12 ایم پی آرگیلے وال پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا

چوک سرورشہید :این اے 179 کے پولنگ اسٹیشن میں دو گروپوں میں فائرنگ، 10 زخمی


13.29 : چوک سرورشہید میں این اے 179 کے پولنگ اسٹیشن میں دو گروپوں میں فائرنگ سے 10 افراد زخمی ہوگئے ،فائرنگ کاواقعہ چک600 ٹی ڈی اےمیں پیش آیا، ن لیگ اورآزادامیدوارکےحامیوں میں فائرنگ ہوئی، فائرنگ کےبعدپولیس اسٹیشن پرووٹنگ روک دی گئی۔.

پی ٹی آئی کی الیکشن کے روز ملک بھرمیں موبائل ،انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی مذمت


13.29 : پی ٹی آئی نے الیکشن کےروز ملک بھرمیں موبائل ،انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت برقرار رکھنے میں ناکام رہا ہے،الیکشن کمیشن جمہوریت اور دستور کے قتل عام پر آنکھیں بند کیے بیٹھا ہے، موبائل سروس کی بندش کامقصددھاندلی کے شواہد منظر عام پر آنےسےروکنا ہے۔

بدین: پی ایس 71 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 3 پر 300 بیلٹ پیپز کی کمی


13.28 : بدین کے این اے 223 میں پی ایس 71 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 3 پر 300 بیلٹ پیپز کی کمی اور پی پی امیدوارکی مداخلت پرپولنگ روک دی گئی تاہم ریٹرنگ افسران کی آمدکے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کرایا جا رہا ہے۔

ملتان:این اے149 میں ن لیگ اور آزاد امیدوار کے سپورٹرز میں جھگڑا


13.25 : ملتان کے این اے 149 میں ن لیگ اور آزاد امیدوار کے سپورٹرز میں جھگڑا ہوا ، کریم ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کی پرچی کاٹنے پر جھگڑاہوا، کارکنوں کے ایک دوسرے کیخلاف نعرے لگانے پر پولیس کی نفری طلب کرلی گئی۔

جماعت اسلامی اورپی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کو خط


13.25 : جماعت اسلامی اورپی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر موبائل سروس ،انٹرنیٹ کی بحالی کا مطالبہ کردیا، جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ کو خط لکھا گیا، جس میں کہا انٹرنیٹ ،موبائل سروس کی بندش سےدھاندلی کےامکانات بڑھ گئے ہیں، ملک بھر میں فوری طور پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بحال کی جائے۔

بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا


13.18 : لاڑکانہ کے این اے 194 میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹونےووٹ کاسٹ کردیا اور عوام سے درخواست کی کہ نکلیں اورووٹ کاسٹ کریں، ووٹ عوام کی طاقت ہے،موبائل سروس معطلی کی مذمت کرتاہوں، موبائل فون سروس فوری بحال کی جائے۔

نواب شاہ میں سابق صدر آصف زرداری نے اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا، آصف زرداری نےنواب شاہ کی ایل بی او ڈی پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا اور کہا فون پر بات کرتا آیا ہوں، اللہ بہتر کرے گا۔

دکی : پی بی 6 میں سیاسی جماعت کے پولنگ ایجنٹس پر تشدد


13.11: دکی کے پی بی 6 میں گرلز اسکول نورمحمد میں سیاسی جماعت کے پولنگ ایجنٹس پر تشدد کیا گیا تاہم 4پولنگ ایجنٹس کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

این اے 128 لاہور میں پولنگ اسٹیشن کی حدود میں کیمپ لگانے کی شکایت کا نوٹس


13.09: الیکشن کمشنر پنجاب نے این اے 128 لاہور میں پولنگ اسٹیشن کی حدود میں کیمپ لگانے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ آراو،ڈی آراونےپولنگ اسٹیشن میں پرامن پولنگ کی تصدیق کی، پولنگ اسٹیشن کی حدود میں کوئی کیمپ موجودنہیں۔

این اے129 : پولنگ اسٹیشن 265 میں پولنگ روکنے کی اطلاعات


13.06 : الیکشن کمشنرپنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاہور:این اے 129 میں پولنگ اسٹیشن 265 میں پولنگ جاری ہے، جھگڑے کے باعث پولنگ روکنےکی اطلاعات تھیں تاہم آر او کے مطابق پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا محکمہ داخلہ میں قائم الیکشن کنٹرول روم کا دورہ


13.04 : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے محکمہ داخلہ میں قائم الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا ، اس موقع پر متعلقہ حکام نے انتخابی عمل پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے انتظامات اور مربوط کوآرڈی نیشن پراظہاراطمینان کیا۔

اسلام آباد : پولیس افسران کو پریزائیڈنگ افسران کےساتھ بیٹھنے سے روک دیا گیا


13.02: اسلام آباد میں پولیس افسران کو پریزائیڈنگ افسران کےساتھ بیٹھنے سے روک دیا گیا اور انتخابی عملے کے ساتھ بات چیت پر پولیس آفیسرکو معطل بھی کردیا، پولیس افسران کو آئی جی کا حکمنامہ وائرلیس کے ذریعے بھجوایا گیا۔

 پیپلزپارٹی کی موبائل اور انٹرنیٹ سروس بندش کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست


13.00: پیپلزپارٹی نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بندش کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی ، شیری رحمان نے کہا کہ انتخابات کےروزانٹرنیٹ اورموبائل نیٹ ورکس کی بندش پرتشویش ہے، موبائل اورانٹرنیٹ بندکرناجمہوریت،انتخابی عمل کی نفی کرے گا۔

انچارج پی پی سینٹرل الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے بھی چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر موبائل فون،انٹرنیٹ سروس کی بحالی کی درخواست کی اور کہا پیپلز پارٹی کو انٹرنیٹ، موبائل سگنلز کی حالیہ غیر اعلانیہ بندش پر تشویش ہے،موبائل،انٹرنیٹ کی بندش الیکشن پر بری طرح اثرانداز ہو رہی ہے۔

بیرسٹر گوہر علی نے ووٹ کاسٹ کردیا


12.57: :بونیر میں پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر علی نے ووٹ کاسٹ کردیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ الیکشن انتظامات سے مطمئن نہیں ہوں، ابھی تک جو اطلاعات ہیں وہ مایوس کن ہیں، پی ٹی آئی ورکرز تمام توجہ پولنگ اور نتائج پر مرکوز رکھیں۔

سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے ووٹ کاسٹ کرلیا


12.54: مردان میں سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے روڑ یاقدیم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کرلیا، اس موقع پر کہا کہ انتخابات کیلئےانتظامات ٹھیک ہیں، آزادامیدوارجس پلڑےمیں وزن ڈالیں گےوہ حکومت بنائیں گے، وفاق اورخیبرپختونخوامیں مخلوط حکومت دیکھ رہاہوں، صوبےمیں استحکام کیلئے امن اورمالی معاملات کاحل ضروری ہے۔

نتائج رات 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں،چیف الیکشن کمشنر


12.50: چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ توقع ہےجوں ہی ووٹنگ ختم ہو آر او کے پاس نتائج آجائیں گے، الیکشن ایکٹ میں لکھاہے زیادہ سے زیادہ 2 بجے تک آراو کو نتائج دینے ہیں۔

سکندرسلطان راجہ کا کہنا تھا کہ نتائج رات 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں، 9 بجےبھی آسکتے ہیں اور 10، 11 یا12 بجے بھی، پچھلے تجربات کےمطابق نتائج 11 بجے تک پریزائیڈنگ افسران دے دیتےہیں۔

پنجگور کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر عملے کی کمی


12.48: پنجگور کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر عملے کی کمی کے باعث پولنگ کا عمل سست رفتاری کا شکار ہے، پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر ووٹرزکی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کیلئے موجود ہیں۔

کراچی:این اے 236 کراچی ایسٹ کے کئی پولنگ اسٹیشنز میں اب تک پولنگ شروع نہ ہوسکی


12.42 : کراچی کے این اے 236 کراچی ایسٹ کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر عملہ غائب ہیں ، جس کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی ، مرد اور خواتین ووٹرز پولنگ اسٹیشنز کے باہر3گھنٹے سے عملے کا انتظار کررہے ہیں۔

پیپلز پارٹی مرکزی الیکشن سیل کے انچارج کا الیکشن کمیشن کو خط


12.34: پیپلز پارٹی مرکزی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا، جس میں کہا کہ میرپورخاص میں پی پی کے تحصیل صدر کےڈیرےپر مخالفین نے فائرنگ کی، فائرنگ میں ایک شخص ہلاک ہوا،حلقےمیں خوف و ہراس پھیلا ہواہے، واقعے کی ویڈیوز بھی الیکشن کمیشن کوارسال کر دی گئیں، الیکشن کمیشن معاملے کا فوری نوٹس لیں،پرامن انتخابی عمل یقینی بنائیں۔

چمن: این اے 266 میں دو سیاسی جماعتوں میں تصادم، 4 کارکن زخمی


12.25 : چمن کے این اے 266 میں دو سیاسی جماعتوں میں تصادم ہوا ، جس میں 4 کارکن زخمی ہوگئے ،تصادم سباون اسکول اورکولک ارمبئی پولنگ اسٹیشن پرہ

نواز شریف اور مریم نواز ووٹ کاسٹ کردیا


12.24 : این اے 128 میں نواز شریف اور مریم نواز ووٹ کاسٹ کرنے ماڈل ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پہنچے ،پرویزرشید بھی دونوں کے ساتھ موجود تھے، نواز شریف اور مریم نواز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، اس موقع ن لیگی قائد نے کہا کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کے کلچر کے خاتمے کیلئے ووٹ کاسٹ کریں، پاکستان کےعوام خوشحال زندگی بسرکرسکیں گے، لوگوں کایہی خواب ہے جو شرمندہ تعبیرہوناچاہئے۔

خواجہ آصف نے ووٹ کاسٹ کردیا


12.21: سیالکوٹ کے این اے 71 میں رہنمان لیگ خواجہ آصف نے ووٹ کاسٹ کردیا ، این اے71میں پولنگ اسٹیشنوں پر گہما گہمی ہے، معذور افراد نے بھی پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کر لیا ہے ، حلقےمیں خواجہ آصف اور ریحانہ ڈار مدمقابل ہیں۔

چنیوٹ: اسٹمپ کی سیاہی ختم ہونے پر ووٹرزکو مشکلات کا سامنا


12.18: چنیوٹ میں گورنمنٹ پرائمری اسکول حسین آباد میں اسٹمپ کی سیاہی ختم ہونے پر ووٹرزکومشکلات کا سامنا ہے ، پولنگ عملے کے پاس سہولتوں کی کمی کے باعث پولنگ سست روی کا شکار ہے۔

لاڑکانہ: ووٹنگ سست روی پر احتجاج


12.17 :لاڑکانہ میں ممتاز کالونی کی پولنگ اسٹیشن میں ووٹنگ سست روی پر احتجاج جاری ہے ، مظاہرین کا کہنا ہے کہ 8 بجے کاوقت تھاابھی تک پولنگ شروع نہیں ہوئی، پرزائڈنگ آفیسر کہہ رہا ہے ووٹ پر لگانے والی ہی مہر نہیں۔

آغاسراج درانی اور سہیل انور سیال نے ووٹ کاسٹ کرلیا


12:17 : شکارپور کے پی ایس 9 میں رہنماپیپلزپارٹی آغاسراج درانی نے ووٹ کاسٹ کردیا جبکہ لاڑکانہ کے پی ایس 12 پر پیپلزپارٹی کے امیدوار سہیل انور سیال نے ووٹ کاسٹ کیا۔

ملک کے متعدد شہروں میں ووٹرزکا زبردست جوش وخروش


12.16 : ملک کے متعدد شہروں میں ووٹرز کا زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے، دادو، نوشہروفیروز، جیکب آباد، شکارپور، گوجرانولہ، گجرات اور ٹیکسلا میں بھی ووٹرز کی لمبی قطاریں لگی ہیں، ایبٹ آباد،مری ،گلیات اوروزیرستان میں ووٹرز کو سردی اور برفباری بھی نہ روک پائی۔

پشاور : خواتین پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالنے کا عمل بلا تعطل جاری


12.15: پشاور کے علاقے حیات آباد کے خواتین پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالنے کا عمل بلا تعطل جاری ہے ، پولنگ اسٹیشن کے باہرخواتین کی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے موجود ہیں

ایمل ولی خان نے اپناووٹ کاسٹ کر دیا


12.13: چارسدہ کے این اے 25 اے این پی کے ایمل ولی خان نے اپناووٹ کاسٹ کر دیا ، اس موقع پر ایمل ولی خان نے اے این پی سمیت دیگر پارٹیز کے پولنگ کیمپس کا بھی دورہ کیا۔

ملک کے مختلف مقامات سے 25شکایات موصول


12.12 : انچارج الیکشن مانیٹرنگ سینٹر ہارون شنواری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک کے مختلف مقامات سے 25شکایات موصول ہوئیں، شکایات معمولی نوعیت کی تھیں جنہیں موقع پرحل کرلیاگیا، جہاں سروس کا ایشو ہو شہری ڈی آر اوز کے دفاتر جاکر معلومات لیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا


12.06: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا اور کہا ووٹ کاسٹ کرناآپکی اسلامی،آئینی اورشہری ذمہ داری ہے، ملک نے ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا مشورہ طلب کیا ہے۔

ایم کیو ایم کا بھی فوری طور پر موبائل اور انٹرونیٹ سروس بحال کرنے کا مطالبہ


12.05: ایم کیو ایم نے بھی فوری طور پر موبائل اور انٹرونیٹ سروس بحال کرنے کا مطالبہ کردیا، فیصل سبزواری نے کہا کہ پولنگ کے دن موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش پریشان کن ہے۔

محمود خان نے اپنا ووٹ خریڑی اسٹیشن میں کاسٹ کردیا


12.03: سوات میں پی کے 10اور این اے 4 سے محمود خان نے اپنا ووٹ خریڑی اسٹیشن میں کاسٹ کردیا، محمودخان نے مختلف کیمپس کا بھی دورہ کیا اور کارکنان سے پر امن رہنےکی ہدایات دیں

برفباری والے علاقے میں بھی ووٹرز پرجوش


12.01: اسلام آباد میں این اے 16 اور پی کے 43 کے برفباری والے علاقے میں بھی ووٹرز پرجوش ہیں ، نتھیاگلی میں ووٹرز برفباری میں بھی ووٹ کاسٹ کرنےپولنگ اسٹیشنز پہنچ رہے ہیں۔

قائم علی شاہ نے ووٹ کاسٹ کردیا


11:58 : پیپلز پارٹی کے رہنما :سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ووٹ کاسٹ کردیا

اسلام آباد میں الیکشن عملے کی گاڑی کو حادثہ ، لیڈی کانسٹیبل جاں بحق


11.56 : اسلام آباد میں الیکشن عملے کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ، جس میں لیڈی کانسٹیبل جاں بحق ہوگئی ، لیڈی کانسٹیبل کی ڈیوٹی این اے 46 کے پولنگ اسٹیشن پر تھی۔

این اے127 میں جہاں جارہے ہیں، شیرکی دھاڑ نظر آرہی ہے، عطا تارڑ


11.45 : مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے ووٹ کاسٹ کردیا اور اس موقع پر کہا کہ این اے127 میں جہاں جارہے ہیں شیرکی دھاڑنظرآرہی ہے، ہرپولنگ اسٹیشن پررش بھی ہےشیرپرمہریں لگ رہی ہیں، نواز شریف پرقوم کا اعتماد ہے، مخالفین کے کیمپ خالی ہیں۔

غاصبوں اور جاگیرداروں ،موروثی سیاست سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا، خالد مقبول


11.41 : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول اپنا ووٹ کاسٹ کردیا ، اس موقع پر خالد مقبول نے کہا کہ پاکستان جاگیر داروں اور ظالموں کے قبضے کیلئے نہیں بنا تھا، غاصبوں اور جاگیرداروں ،موروثی سیاست سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا، یہ آئین 23کروڑ عوام کے بجائے 2300خاندانوں کا نگہبان ثابت ہوا ہے، ہم آئین کا چہرہ درست کرنا چاہ رے ہیں، ایسی جمہوریت کی پاکستان کو ضرورت نہیں جس کے ثمرات چند خاندانوں کو ملیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے ووٹ کاسٹ کردیا، موبائل فون سروس بحالی کا مطالبہ


11.40: کراچی کے این اے250 میں حافظ نعیم الرحمان نے نارتھ ناظم آبادمیں ووٹ کاسٹ کردیا، اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے موبائل فون سروس بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موبائل سروس بندکرکے25کروڑعوام سےزیادتی کی گئی۔

احسن اقبال نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا


11.28 : نارووال کے این اے 76 میں رہنما ن لیگ احسن اقبال نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

الحمدللہ، بلوچستان میں صبح 8 بجے سے ووٹنگ خوش اسلوبی سے جاری ہے،جان اچکزئی


11: 17: نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ الحمدللہ،،بلوچستان میں صبح8 بجے سے ووٹنگ خوش اسلوبی سےجاری ہے، دہشت گرد انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش میں ناکام ہوئے۔

نصیرآباد میں پی بی 14 کے پولنگ اسٹیشن میں پولنگ سیکیورٹی خدشات پر بند


11.15 : نصیرآباد میں پی بی 14 کے پولنگ اسٹیشن شربت خان میں پولنگ سیکیورٹی خدشات پر بند کردی گئی۔

نوشہروفیروز این اے205 : بارات لیکر روانہ ہونے سے قبل دولہے نے ووٹ ڈالا


11:13 : نوشہروفیروز کے علاقے محراب پور میں این اے205 میں بارات لیکر روانہ ہونے سے قبل دولہے نے ووٹ ڈالا اور ووٹ ڈالنے کے بعد دولہا بارات لیکر نواب شاہ روانہ ہوا، دولہابابرراجپوت کا کہنا تھا کہ دلہنیا لینے جانا ہے مگر ووٹ امانت ہے، فریضہ ادا کرنا ہے۔

این اے 47: آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ووٹ کاسٹ کرلیا


11: 11: اسلام آباد کے این اے 47 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھرنے ووٹ کاسٹ کرلیا ، مصطفی نواز کھوکھر نے ای سیون پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

اٹک : طاہر صادق کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا گیا


11.09 : اٹک میں طاہر صادق کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا گیا ، پولنگ ایجنٹس کو نکالنے پر طاہر صادق کے سپورٹرز نے احتجاج کیا۔

پشاور : این اے 31 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 179 سے مسلح شخص گرفتار


11.08 : پشاور میں این اے 31 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 179 سے مسلح شخص کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے بتایا کہ ملزم پولیس وردی پہن کر پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوا تاہم ملزم سے اسلحہ برآمد کرکے ملزم کو تھانہ ٹاؤن منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

لاڑکانہ میں بھی ووٹر کی ووٹ کاسٹ کرکے ویڈیو وائرل


11.07 : لاڑکانہ کے نظر محلہ پولنگ اسٹیشن میں بھی ووٹر نے ووٹ کاسٹ کرکے ویڈیووائرل کردی جبکہ متعدد پولنگ اسٹیشنزمیں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہیں ، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

فیصل آباد: این اے 103 اور پی پی 117 میں بیلٹ پیپرز پر مہر لگانے کی مبینہ ویڈیو وائرل


11.07 : فیصل آباد کے این اے 103 اور پی پی 117 میں بیلٹ پیپرز پر مہر لگانے کی مبینہ ویڈیو وائرل ہونے لگی، ووٹر نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرکے موبائل سے ویڈیو بنائی

لکی مروت: پولنگ اسٹیشن نمبر117 پر ووٹنگ تاحال شروع نہ ہوسکی


11.03: لکی مروت میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج پولنگ اسٹیشن نمبر117 پر ووٹنگ تاحال شروع نہ ہوسکی۔

جہانیاں کے پی پی 210 میں پولنگ سست روی کا شکار


11.02: جہانیاں کے پی پی 210 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 279 میں پولنگ سست روی کاشکار ہے ، گورنمنٹ مڈل اسکول میں 3 پولنگ اسٹیشنز قائم ہے ، جہاں مرد و خواتین ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے لمبی قطاریں لگی ہیں۔

نوشہروفیروز: این اے205 میں بیلٹ پیپرزکی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر


11.00 : نوشہروفیروز کے این اے205 میں پولنگ اسٹیشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سامنے آئی ، ووٹرز پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ پیپرزکی تصاویر سوشل میڈیاپر شیئر کرنے لگے۔

شمالی وزیرستان میں پولنگ کا عمل شروع


10.59: شمالی وزیرستان کے علاقوں میرانشاہ ، میرعلی ، رزمک اور دتہ خیل میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ، میران شاہ کےپولنگ اسٹیشنز پر صبح سے ہی کثیر تعداد میں ووٹرز موجود ہیں، میرانشاہ میں بھی موبائل انٹرنیٹ سروس معطل ہیں اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

بنوں : پولنگ اسٹیشن میں پولنگ تاخیر کا شکار


10:55 : بنوں میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پولنگ اسٹیشن میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ پولنگ بوتھ کے لاک ہی نہیں ووٹ کیسے محفوظ ہوں گے جبکہ عملے نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مطلع کرنےکی کوشش کر رہے ہیں مگر رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

ڈی جی رینجرز کا نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ


10:54:ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز سے ملحقہ علاقوں کا خصوصی جائزہ لیا۔

ملک میں موبائل سروس فوری بحال کی جائے ،بلاول بھٹو


‌‌10.43 : چیئرمین بلاول بھٹو نے ملک میں موبائل سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا پارٹی کوالیکشن کمیشن اور عدالتوں سے رجوع کرنے کو کہا ہے۔

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر کا مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ


10.43: آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ کل کے واقعات کے بعد پولیس اور سیکیورٹی کے تمام ادارے متحرک ہیں ، ووٹرز اور انتخابی عملے کو تحفظ فراہم کررہے ہیں، ان شا اللہ ہم سرخرو ہوں گے۔

نصیرآباد: پی بی 13 کے 2 پولنگ اسٹیشنزپرتاحال پولنگ شروع نہیں ہوسکی


10.41 : نصیرآباد میں پی بی 13 کے 2 پولنگ اسٹیشنزپرتاحال پولنگ شروع نہیں ہوسکی ، پولنگ اسٹیشن ایم ایم ڈی افس ،عبدالوہاب سومروپرعملہ ہی نہیں پہنچ سکا،آراواجمل خان مندوخیل کا کہنا ہے کہ غیرحاضرعملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

صوابی این اے 19 : اسد قیصر نے ووٹ کاسٹ کردیا


10:37 : صوابی کے این اے 19 میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

پی پی 180 : آئی پی پی رہنما محمد ہاشم ڈوگر نے ووٹ کاسٹ کر دیا


10.36: الہ آباد کے پی پی 180 میں آئی پی پی رہنما محمد ہاشم ڈوگر نے ووٹ کاسٹ کر دیا، اس موقع پر ہاشم ڈوگر نے کہا کہ عوام پاکستان کے مستقبل کیلئے ووٹ کاصحیح استعمال کریں۔

نفیسہ شاہ اور شازیہ مری نے ووٹ کاسٹ کردیا


10.25خیرپور میں این اے 202 میں پیپلزپارٹی کی نفیسہ شاہ اور سانگھڑ این اے 209 میں شازیہ مری نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

شازیہ مری نے الزام عائد کیا کہ پولنگ اسٹیشن بیرانی میں پولیس کے ذریعے رضاکار بھرتی کرائےگئے ،رضاکار پولنگ کے مرحلے میں دخل اندازی کر رہے ہیں ،لوگوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا


10.20: لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کھوسہ محلہ رحمت پور اسکول میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا اور کہا کہ موبائل فون بند کرنا ٹرن آؤٹ کم کرنے کی سازش ہے،اگر موبائل فون سرس نہیں کھولی گئی تو نتائج پر سوالیہ نشان آئے گا۔

کراچی :متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ شروع نہ ہوسکی


10.10 : کراچی کے این اے 237 کے متعددپولنگ اسٹیشنزپرپولنگ شروع نہ ہوسکی ، پولنگ اسٹیشنزکےباہرووٹرزکی قطاریں لگ گئیں تاہم این اے237میں انتخابی عملے کے پاس سامان موجودنہیں۔

10.13 : این اے 234 کراچی میں پولنگ میں دشواری کا سامنا ہے ، پولنگ اسٹیشن 168 پر ووٹرزکی بڑی تعداد موجود ہیں ، انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے باعث ووٹوں کی نشاندہی اور رہنمائی میں مشکلات ہورہی ہے۔

10.18: کراچی کے ضلع غربی میں این اے 245 پولنگ اسٹیشن نمبر 20میں تاحال پولنگ شروع نہ ہوسکی ، گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج میں پولنگ اسٹاف تاخیر سے پہنچا ، شہری پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹ ڈالنےکیلئے موجود ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ پولنگ کا عمل انتظامات مکمل ہوتے ہی شروع کردیا جائے گا۔

کراچی میں این اے 236 میں بھی پولنگ کا عمل تاحال شروع نہ ہوسکا۔

لاہور این اے 122 اور این اے 130 میں ووٹرز کی لمبی لائنیں


10.06: لاہور کے این اے 122 میں متعددپولنگ اسٹیشنز پر خواتین اور مرد ووٹرز کی لمبی لائنیں لگ گئیں، این ا ے122میں لطیف کھوسہ اور سعد رفیق مدمقابل ہیں۔

لاہور کے این اے130 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرزکی بڑی تعداد موجود ہیں، لاہور این اے130میں نوازشریف اوریاسمین راشد مدمقابل ہیں

کوئٹہ : خواتین پولنگ اسٹیشن پرپولنگ تاخیر کا شکار


9.48: کوئٹہ میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کےانتظامات نامکمل ہیں ، جس کے باعث خواتین پولنگ اسٹیشن پرپولنگ تاخیر کا شکار ہے۔

چمن : خواتین پولنگ اسٹیشن میں عملہ غیرحاضر، پولنگ تاحال شروع نہ ہوسکی


9.42: چمن میں کسٹم ہاؤس بازار کے خواتین پولنگ اسٹیشن میں عملہ غیرحاضر ہیں ، عملےکی غیرحاضری کےباعث پولنگ تاحال شروع نہ ہوسکی، ڈی آراوراجہ اطہرعباس کا کہنا ہے کہ متبادل انتظامات کررہےہیں۔

صوابی : موبائل سروس بندش سے متعدد پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ تاخیر کا شکار


9.42: صوابی میں موبائل سروس بندش سے متعدد پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ تاخیرکاشکار ہے ، متعددخواتین پولنگ اسٹیشنوں میں ابھی تک پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا۔

ہنگو کے بھی مختلف علاقوں میں پولنگ تاخیر سے شروع ہوا۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر نے ووٹ کاسٹ کردیا


9.39 :این اے 129 میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر نے ووٹ کاسٹ کردیا

فاروق ستار نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا


9.38 : کراچی میں ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

نوشہروفیروز کے این اے 206: پولنگ اسٹیشن نمبر4 پر ووٹنگ شروع نہ ہوسکی


نوشہروفیروز کے این اے 206 میں پڈعیدن کے پولنگ اسٹیشن نمبر4 پر ووٹنگ شروع نہ ہوسکی ، ڈیڑھ گھنٹہ گزرجانے کے باوجود انتخابی عمل تاخیر کا شکار ہے اور ووٹرز منتظر ہیں۔

راولپنڈی : این اے 57 میں خواتین ووٹرزکومشکلات


راولپنڈی کے این اے 57 میں خواتین ووٹرزکومشکلات کا سامنا ہے ، خواتین کیلئے پولنگ اسٹیشنزواضح نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنا ووٹ ڈال دیا


9:34: ڈیرہ اسماعیل خان مین مولانا فضل الرحمان ووٹ ڈالنےپہنچے اور این اے 44 میں مولانا فضل الرحمان نے ووٹ ڈال دیا۔

لودھراں: این اے 155 میں پی پی 227 میں پولنگ تاخیر کا شکار


لودھراں کے این اے 155 میں پی پی 227 میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے ، حویلی نصیرخان پولنگ اسٹیشن نمبر107اور112میں ووٹنگ شروع نہ ہوسکی

این اے 46 اسلام آباد: مرتضیٰ سولنگی نے ووٹ کاسٹ کردیا


نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے حلقے این اے ایک سو چھیالیس میں ووٹ کاسٹ کردیا اور کہا ووٹ ڈالنا قومی فریضہ ہے ، ملک کے جمہوری مستقبل کا انحصار ووٹ پر ہے، شہری گھرروں سے نکل کر ووٹ کاسٹ کریں۔.

ایم کیوایم امیدوارآسیہ اسحاق نے ووٹ کاسٹ کردیا


کراچی کے این اے 232 میں ایم کیوایم امیدوارآسیہ اسحاق نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

صفدر آباد : پی پی 144 میں خانقاہ ڈوگراں میں پولنگ سست روی کا شکار


9:27 : صفدر آباد میں پی پی 144 میں خانقاہ ڈوگراں میں پولنگ سست روی کا شکار ہے ، متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا آغاز 45 منٹ تاخیر سے ہوا۔

کوٹ رادھا کشن : این اے 132 پولنگ اسٹیشن نمبر 130 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی


9:24 : کوٹ رادھا کشن این اے 132 پولنگ اسٹیشن نمبر 130 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

کراچی : این اے250 بفرزون میں خواتین ووٹرز کو پریشانی


9.20: کراچی کے این اے250 بفرزون میں خواتین ووٹرز کو پریشانی کا سامنا ہے ، کے بی سی سی اسکول ، خواتین کا پولنگ بوتھ نمبر108 موجود نہ ہونے کا انکشاف سامنے ایا ، پولنگ اسٹیشن میں ووٹر ڈالنے آنے والی کئی خواتین کو مایوس لوٹنا پڑا۔

ٹانک: کوٹ اعظم میں پولنگ عملے پر فائرنگ، سیکیورٹی اہلکارشہید


9.15 : ٹانک میں کوٹ اعظم میں پولنگ عملے پر فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکارشہید ہوگیا ، جس کے باعث فائرنگ کے بعد پولنگ روک دی گئی۔

ٹانک کے مختلف پولنگ اسٹیشنر پر عملہ اورسامان کی ترسیل نہ ہوسکی ، عملے اور سامان کی ترسیل نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

دنیا پور میں پولنگ بوتھ 104،103 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی


9.15 : دنیا پور میں پولنگ بوتھ 104،103 میں مہر نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

کراچی : این اے 248 میں پولنگ اسٹیشن نمبر196میں پولنگ شروع نہ ہوسکی


9.14 : کراچی کے این اے 248 میں کمپری ہنسیواسکول پولنگ اسٹیشن نمبر196میں پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

ژوب: مختلف پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار


9:07 : ژوب کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے ، جس کے باعث ووٹرز کو پریشانی کا سامنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا


9:05 : این 51 مری میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

شرقپورشریف کے این اے 114 میں پی پی 140 میں پولنگ سست روی کا شکار


8:59 : شرقپورشریف کے این اے 114 میں پی پی 140 میں پولنگ سست روی کا شکار ہے، پولنگ اسٹیشن نمبر 104 میں پہلا ووٹ 8:48 پر کاسٹ ہوا۔

کراچی این اے 232 ملیر اور این اے238 کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پولنگ شروع نہ ہوسکی


8:59 : کراچی کے این اے 232 ملیر میں پولنگ اسٹیشن نمبر247 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی ، بیلٹ باکس سیل نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی، پولنگ ایجنٹس نہ ہونے کی وجہ سے بیلٹ باکس سیل نہ ہوسکے۔

کراچی کے این اے238 پولنگ اسٹیشن جوفل ہرسٹ اسکول میں پولنگ شروع نہ ہوسکی، پولنگ اسٹیشن بند ہونےکےباعث انتخابی عمل شروع نہ ہوسکا۔

سوات: بالائی علاقوں میں کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ تاخیر کا شکار


8:59 : سوات کے بالائی علاقوں میں کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ تاخیرکاشکار ہے، گبرال اور مٹلتان کے پولنگ اسٹیشنزپرعملہ بروقت نہ پہنچ سکا۔

کراچی این اے250:پولنگ اسٹیشن نمبر 262 سے 265 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی


8:50 :کراچی کے این اے250 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 262 سے 265 میں پریزائیڈنگ افسر نہیں پہنچ سکے اور پولنگ شروع نہ ہوسکی ، جس کے باعث پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں ہیں۔

کراچی این اے 246 اورنگی ٹاؤن میں بھی پولنگ اسٹیشن نمبر77میں ووٹنگ شروع نہ ہوسکی ، اورنگی ٹاؤن سپرگرامراسکول پولنگ اسٹیشن نمبر77میں نہ عملہ پہنچا نہ ہی سامان۔

ٹنڈو محمد خان :پی ایس 67 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 274 میں پولنگ تاخیر کا شکار


8:47 ٹنڈو محمد خان کے پی ایس 67 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 274 میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے ، پولنگ ایجنٹس کی عدم موجودگی کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

بونیر: سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار


8:46 :بونیرمیں پولنگ اسٹیشن نمبر 109 گرلزڈگری کالج ڈگرمیں پولنگ ایجنٹ اور ووٹرنہیں پہنچے ، سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔

آصفہ بھٹو نے ووٹ کاسٹ کردیا


8:44 : نواب شاہ میں رہنما پی پی آصفہ بھٹو نے ووٹ کاسٹ کردیا اور کہا عوام تیر پر مہر لگا کر کامیاب بنائیں۔

https://youtu.be/MqrhZtJIcMU?si=3xcFyy1jxIv7IYQw

بہاولپور کے بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا تاخیر سے آغاز


8:43 : بہاولپور کے بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا تاخیر سے آغاز ہوا ، جس کے باعث ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ : این اے 106 کے 2پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تاخیر کا شکار


8.34: ٹوبہ ٹیک سنگھ میں این اے 106 کے 2پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تاخیر کا شکار ہے ، پولنگ عملے نے میڈیا کی موجودگی میں سامان سیل کردیا۔

کراچی : این اے 248 کے پولنگ اسٹیشن نمبر196 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی


8:34 : کراچی میں این اے 248 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 196میں پولنگ شروع نہ ہوسکی ، پولنگ ایجنٹس کی عدم موجودگی کے باعث پولنگ تاخیر کا شکار ہے۔

سابق قومی کرکٹرعمرگل نے ووٹ کاسٹ کردیا


8.32 : سابق قومی کرکٹرعمرگل نے نواں کلے میں ووٹ کاسٹ کردیا اور عوام سے اپیل کی کہ خوشحال پاکستان کیلئےعوامی نمائندوں کاانتخاب کریں۔

چمن کے بیشتر پولنگ اسٹیشنر کا عملہ غائب


8:29 : ضلع چمن کے بیشتر پولنگ اسٹیشنرکاعملہ غائب ہیں، جس کے باعث پولنگ تاخیرکاشکار ہے ، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے موجود ہیں۔

پشاور میں صدر کے خواتین پولنگ اسٹیشن کاعملہ غائب


8.26: پشاور میں صدر کے خواتین پولنگ اسٹیشن کاعملہ غائب ہیں اور پولنگ شروع نہ ہوسکی ، ووٹرز ووٹ ڈالنے کیلئے موجود ہے تاہم انتخابی عمل تاخیر کا شکار ہے۔

این اے128 میں شہبازشریف نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا 


8:26 : این اے128 میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ووٹ ڈالنے پہنچ گئے اور اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حکومت آئےجومحبت ویگانگت ،خیرسگالی جذبات کےپھول نچھاورکرے، سیکیورٹی انتظامات بہت مناسب ہیں۔

عوام کے ہاتھ میں پاکستان کی تقدیر ہے، اللہ نےموقع دیا تو مل کر پاکستان کو بنائیں گے، پاکستان کی ترقی کیلئے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی۔

ووٹرز آزادی سے ووٹ ڈالیں، چیف الیکشن کمشنر


8:16 : چیف الیکشن کمشنر الیکشن کمیشن سکندرسلطان راجہ پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی سمیت الیکشن کمیشن کے تمام انتظامات مکمل ہیں، الیکشن مکمل طورپرشفاف ہوں گے، ووٹرز آزادی سےووٹ ڈالیں، قومی فریضے میں سب کوحصہ ڈالنا چاہیے۔

سکندرسلطان راجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم کاانٹرنیٹ پردارومدارنہیں ، امید ہے انتخابات کا عمل بخیرو عافیت مکمل ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دےگا، ہم کہیں موبائل سروس کھولیں اور دہشت گردی کاواقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا۔

موبائل فون سروس متاثر


ملک کے مختلف شہروں میں موبائل نیٹ ورکس متاثر ہونے کی شکایت موصول ہورہی ہے، مختلف شہروں میں موبائل نیٹ ورک جزوی طور پر معطل ہوگئیں اور سگنلزغائب ہیں

ملک بھرمیں الیکشن کمیشن کی 8300 ایس ایم ایس سروس بھی متاثر ہیں، جس کے باعث الیکشن کے دن شہری 8300 کی سروس سےمحروم ہیں اور شہری پولنگ اسٹیشن کی معلومات حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

ملک بھر میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ


وزارت داخلہ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ، امن وامان قائم رکھنے ، ممکنہ خطرات سےنمٹنے کیلئےحفاظتی اقدامات ناگزیرہیں۔

Comments