ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں وزارت داخلہ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، امن وامان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں حساس مقامات کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، جبکہ ریڈزون کو سیل کردیا گیا، الیکشن کمیشن مرکزی سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔
پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، الیکشن کمیشن کی حدود میں غیر متعلقہ افرادکے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن میں داخلے کیلئے متعلقہ افراد کیلئے خصوصی پاسز جاری کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور بارہویں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔
ملک بھر کے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقے ہیں جن کیلئے ملک کی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں۔ 882 خواتین امیدوار، 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
آج 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جبکہ 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔
الیکشن کمشنر سندھ کا پریزائیڈنگ افسر سے الیکشن مٹیریل چھیننے کانوٹس
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہو گا۔