لاہور: وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے ن لیگ کے دیگر پارٹیوں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں تیسری بار رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں چوبیس گھنٹوں میں تیسری بار رابطہ ہوا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری حکومت سازی کے لیے فارمولا طے کریں گے، شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان رات گئے ملاقات سود مند ثابت ہوئی۔
حکومت سازی کے حوالے سے آج کسی بھی وقت نواز شریف اور آصف زرداری ملاقات کا بھی امکان ہے۔
دریں اثنا، لاہور جاتی امرا میں شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں انھوں نے پارٹی قائد کو پیپلز پارٹی کی قیادت سے ہوئی بات چیت پر اعتماد میں لیا۔ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم سے رابطوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف کو رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی، نواز شریف کا کہنا تھا کہ جہاں میری ضرورت پڑے مجھے بتایا جائے۔
ن لیگ کی مذاکراتی کمیٹی میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ اور خواجہ سعد رفیق بھی شامل ہوں گے، ذرائع کے مطابق ن لیگ کی پنجاب میں شہباز شریف کو وزارت اعلیٰ دینے پر بھی مشاورت کی گئی، مریم نواز اور حمزہ شہباز کو مرکز میں لے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
مرکز میں نواز حکومت بننے پر پنجاب میں وزارت اعلیٰ شہباز شریف کو سونپی جائے گی، سینئر قیادت کی رائے کے مطابق شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب زیادہ ترقی کر سکتا ہے۔
ادھر اب تک کے نتائج کے مطابق ن لیگ کو خواتین کی کم از کم 30 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے، ن لیگ نے الیکشن کمیشن کو 58 خواتین کے ناموں پر مشتمل ترجیحی فہرست جمع کروائی ہے، جس میں مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ اور دیگر شامل کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن اس ترجیحی فہرست کے مطابق خواتین کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔