جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

کراچی میں کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فونز سے بھری وین چھین لی گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کے علاقے فیروز آباد میں موبائل فونز سے بھری وین چھین لی گئی جن کی مالیت دو کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے فیروز آباد میں دو کروڑ روپے مالیت کے موبائل فونز سے بھری وین چھین لی گئی۔ کوریئر کمپنی کی ڈیلیوری وین صدر کے علاقے سے موبائل فون لے کر نکلی تھی کہ ملزمان نے فیروز آباد میں سائیڈ مار کر ڈیلیوری وین کو روکا اور گاڑی کو ڈرائیور سمیت ساتھ لے گئے۔

رپورٹ کے مطابق واردات کرنے والے مسلح ملزمان رکشے اور لوڈنگ گاڑی میں سوار تھے جنہوں نے 45 منٹ بعد ڈرائیور کو اتار کر ڈیلیوری وین لے کر فرار ہو گئے۔

- Advertisement -

ڈرائیور نے ہیڈ آفس پہنچ کر واردات کی اطلاع دی تو ٹریکر کی مدد سے وین کا سراغ لگایا گیا جو بعد ازاں ٹیپو سلطان کے علاقے پارسا ٹاور کے قریب لاوارث حالت میں ملی۔ کمپنی کا عملہ جب وین تک پہنچا تو وہ خالی تھی۔

دریں اثنا فیروز آباد تھانے میں موبائل سے بھری وین لوٹنے کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق صدر اسٹار سٹی مال سے موبائل فون سے بھری وین کو لوڈ کیا گیا تھا۔ دو موٹر سائیکلوں پر چار ملزمان نے واردات کی۔

واردات کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ کوریئر کمپنی کی ڈیلیوری وین کے ڈرائیور کا بیان قلمبند کیا جا رہا ہے۔ ڈرائیور نے واردات کا وقت رات سوا دس بجے کا بتایا ہے جب کہ وین میں موبائل فون کے 35 کارٹن موجود تھے اور ہر کارٹن میں 10 سے 12 موبائل فونز موجود تھے۔

پولیس کے مطابق موبائل فون کی مالیت لگ بھگ 2 کروڑ روپے کے قریب بتائی جا رہی ہے جب کہ واردات کے مقام پر اطراف میں کسی کو واقعےکا علم نہیں تھا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں