جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے عام انتخابات کو جعلی قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ میں مرکزی لیڈر شپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات میں سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی، الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا تاہم جعلی الیکشن کے نتیجے میں جو حکومت بنے گی وہ بھی جعلی ہوگی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں اور میڈیا نے بھی الیکشن پر سوالات اٹھا دیے۔ الیکشن نتائج جعلی ہیں، چیف الیکشن کمشنر فوری مستعفیٰ ہوں اور تحقیقات کے لیے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے اور عوام کے حق پر ڈاکا ڈالتے ہوئے ایم کیو ایم کو جتوایا گیا لیکن کراچی کے عوام اس جعلسازی کو قبول نہیں کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اس دھاندلی کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہی ہے، اگر نتائج کو درست نہ کیا گیا تو احتجاج کو اسلام آباد تک وسیع کر سکتے ہیں، آزاد امیدوار بھی مظاہرے میں شریک ہونا چاہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے۔