بھارت کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ رحمان اللہ گرباز کی بیٹنگ کا انداز مہندرا سنگھ دھونی سے مشابہ ہے۔
سنیل گواسکر چاہتے ہیں کہ رحمان اللہ گرباز کو آئی پی ایل 2024 سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ گرباز ممکنہ طور پر جیسن رائے کے ساتھ فائنل اوورسیز سلاٹ کے لیے منتخب ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ مچل اسٹارک، آندرے رسل، اور سنیل نارائن کو متوقع طور پر ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے افغان بلے باز کی اسپورٹس مین شپ کی بھی تعریف کی اور ٹیم میں ان کے ممکنہ کردار کو اجاگر کیا۔
گواسکر کا کہنا تھا کہ میں نے جو کچھ دیکھا ہے اس کی بنیاد پر گرباز کی بیٹنگ مجھے بہت پسند آئی ہے۔ وہ انتہائی جارحانہ بلے بازی کرتے ہیں جبکہ ان کی بیٹنگ میں ایم ایس دھونی کی ہلکی سی جھلک نظر آتی ہے۔
سابق بھاتی کپتان نے کہا کہ اسی لیے شاید مجھے وہ پسند ہیں۔ ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد انھوں نے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں کو پیسے بانٹے۔ ایسا کرنے کے بعد میرے خیال مں انھیں یقینی طور پر ٹیم میں شامل ہوناچاہیے۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل 2023 میں گرباز کی کارکردگی معمولی رہی تھی انھوں نے صرف دو نصف سنچریوں کے ساتھ 20.64 کی اوسط سے 227 رنز بنائے تھے۔