مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا اتحاد خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، مجلس وحدت المسلمین بانی پی ٹی آئی کی اپنی جماعت ہے وہ پارٹی سے متعلق جو چاہے فیصلے کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روز اول سے بانی پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت جاری رکھی ہے، مشکل وقت میں باوفا دوست بن کر ساتھ نبھائیں گے، بانی پی ٹی آئی جو بھی فیصلے کریں گے بلا مشروط من و عن قبول کریں گے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا اتحاد آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خود مختاری کی بنیاد پر ہے، ہمارا اتحاد عالمی طاقتوں کی غلامی سے انکار، مسلم ممالک سے تعلقات کی بنیاد پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحاد سرحدوں کے تحفظ، گلگت بلتستان کے لیے آئینی حقوق کے حصول پر ہے اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا اتحاد خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں پوری قوم مل کر خود مختار ریاست کے لیے کام کرے گی۔