بھارت میں ادھار لیے گئے دس ہزار روپے واپس نہ کرنے پر کزن نے کزن کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کے علاقے چند باغ میں 44 سالہ قصائی نے اپنے 58 سالہ کزن کو ادھار لیے گئے 10 ہزار روپے واپس نہ کرنے پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
قتل کے واقعے سے قبل بھی دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے کزن پر تیز دھار آلے سے پے درپے وار کیے جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کیا اور متاثرہ شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دونوں کے درمیان 10 ہزار روپے کا تنازع چل رہا تھا، ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔