لاہور: ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کی تعیناتی کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوٸے پرویز الہٰی کو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔
وکلا نے دلائل دیے کہ پرویز الہٰی کے وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے پرنسپل سیکریٹری کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا تھا، پرنسپل سیکریٹری کا نوٹیفکیشن چیف سیکریٹری پنجاب نے جاری کیا اور مقدمے میں چیف سیکریٹری کو فریق ہی نہیں بنایا گیا۔
وکلا نے کہا جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا، یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے، لہٰذا پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر کے ان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔