چوہدری برادران کی اڈیالہ جیل میں پرویزالٰہی سے ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی گلے لگ کر جذباتی ہو گئے، چوہدری شجاعت نےکہا اپنی زندگی میں خاندان کو اکٹھا دیکھنا چاہتا ہوں جس پر پرویزالٰہی نےکہا میں مشاورت کر کےآئندہ پیشی پربتاؤں گا۔
شافع حسین ساتھ ہونےکے باوجود پرویزالٰہی سے نہ مل سکے کیونکہ چوہدری پرویزالٰہی چوہدری شافع حسین سے ناراض ہیں۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ شافع ساتھ تھےلیکن ان کا نام لسٹ میں نہیں تھا اسلیے نہ مل سکے۔
اڈیالہ جیل میں چوہدری سجاعت اور پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی؟
ملاقات میں ملکی سیاسی مجموعی صورتحال اور خاندانی معاملات پر بات چیت ہوئی۔
(ق) لیگ کے قائدین اور پرویز الٰہی میں پونے تین گھنٹے ملاقات جاری رہی۔ ملاقات کے بعد چوہدری خاندان میڈیا سے گفتگو کیے بغیر وہاں سے روانہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی جس میں پی ٹی آئی رہنما کی صحت اور فراہم سہولیات پر بھی بات چیت کی گئی۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک نے بتایا کہ پرویز الٰہی سے ملاقات میں کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی، وہ ہمارے بڑے ہیں اس لیے ملاقات کی۔