لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے معاملات کابینہ ڈویژن کو منتقل کردیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی اے براہ راست وزیراعظم آفس کے ماتحت کام کرے گا، پی سی بی کے معاملات وزارت بین الصوبائی رابطہ کے کنٹرول سے نکال دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی اب وزارت بین الصوبائی رابطہ کو جوابدہ نہیں ہوگا جبکہ سیکریٹری آئی پی سی بھی بورڈ آف گورنرز کے رکن نہیں رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ پی سی بی چیئرمین کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا تھا۔
چیئرمین کیلیے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے امیدوار تھے تاہم آخری وقت میں وہ مقابلے سے دستبردار ہو گئے تھے۔
محسن نقوی کو تین سال کیلیے کرکٹ بورڈ کی سربراہی سونپی گئی ہے۔ وہ پی سی بی کے 37 ویں چیئرمین اور یہ عہدہ پانے والے 33 ویں شخص ہیں۔
اس سے قبل نجم سیٹھی تین بار، ذکا اشرف اور شہریار خان دو دو مرتبہ چیئرمین کے عہدے پر ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں۔