لاہور قلندرز کے نوجوان بیٹر جہانداد خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف برق رفتار اننگ کھیلی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور گلیڈی ایٹرز کو 188 رنز کا ہدف دیا۔
اوپنر صاحبزادہ فرحان 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
فخر زمان 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وین ڈر ڈوسن 15 رنز بنا کر ابرار احمد کا نشانہ بنے، عبداللہ شفیق کو 11 رنز پر اکیل حسین نے آؤٹ کیا۔
سکندر رضا 18 رنز بنا کر عامر کو وکٹ دے بیٹھے، کارلوس بریتھ ویٹ 6 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 12 رنز بناسکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اکیل حسین اور محمد حسنین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر، ابرار احمد اور محمد وسیم ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
تاہم لیفٹ ہینڈر بیٹر جہانداد خان نے قلندرز کی لاج رکھتے ہوئے برق رفتار اننگ کھیلی۔
جہانداد خان نے 17 گیندوں پر 45 رنز بنائے ان کی اننگ میں 4 بلند و بالا چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔