اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فارم 45 کے مطابق انتخابی نتائج جای کرنے اور مرکز، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت کے آئینی حق کا مطالبہ کر دیا۔
رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا مستقبل دستور کی مکمل بالادستی سے جڑا ہے، جب بھی دستور سے بے نیاز ہوئے تو ملک بحرانوں کی لپیٹ میں آیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو قید اور پارٹی سے بلّے کا انتخابی نشان چھین لیا گیا جبکہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی، لیکن تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پی ٹی آئی کو عوامی مینڈیٹ ملا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر کھلی نقب زنی ووٹوں کی بے حرمتی ہے، ملک کو سیاسی عدم استحکام سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنا ناگزیر ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ فی الفور فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں، ہماری چھینی گئی نشستیں واپس لوٹائی جائیں اور مرکز، پنجاب، خیبر پختونخوا میں حکومت کا جمہوری حق دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہر صورت عوام کے مینڈیٹ کی نگہبانی کا فریضہ سر انجام دے گی، پی ٹی آئی ووٹ کی حرمت کے تحفظ کیلیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔