پی ٹی آئی کے مرکزی صدر پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ انشا اللہ عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لے جنگ لڑیں گے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی صدر پرویز الٰہی نے عدالت میں پیشی کے بعد غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی سے محبت کا ثبوت ووٹ کی صورت میں دیا لیکن لاڈلوں نے راتوں رات مینڈیٹ چوری کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک اور شافع گجرات کے عوام کا مینڈیٹ واپس کریں پھر بات کرنے کا سوچیں گے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ گجرات، منڈی بہاؤ الدین، تلہ گنگ کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور اصل مینڈیٹ چوری کرنے والا محسن نقوی اور اس کی پولیس پارٹی ہے، ایسے نگراں کی اب انشا اللہ باری آنے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پہلے بھی وزیراعظم تھا، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا، عوام ایسی حکومت کو قبول نہیں کریں گے جسے ان کی حمایت حاصل نہ ہو۔
پی ٹی آئی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا ک ہم کوئی آئی ایم ایف کے ذممہ دار نہیں یہ جانیں اور لاڈلے جانیں، ووٹ چوری کرنے والے ملک کو معاشی بحران سے نہیں نکال سکتے۔
پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ لاڈلوں کو مسترد کردیا گیا تھا پھر یہ کس منہ سے عوامی مفاد کی بات کرتے ہیں، مینڈیٹ چور ملکی مفاد میں نہیں اپنے مفاد کی خاطر اقتدار چاہتے ہیں، الیکشن مہم میں ایک دوسرے کے خلاف بولنے والے ایک بار پھر ایک ہوگئے ہیں۔