پشاور: پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد امیدوار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ لاقانونیت کے فروغ میں مکروہ کردار ادا کرنے والے کو اعمال کا حساب دینا ہوگا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبر پختو نخوا تہذیب و روایات کا امین صوبہ ہے اس میں چادر و چار دیواری کے مکمل احترام کو یقینی بنایا جائے گا، امن عامہ کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کی سلامتی کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خواتین کو شرعی و قانونی حقوق کیلیے سرکاری وسائل سے مفت فراہم کریں گے، اپنے وسائل کو ترقی دے کر خیبر پختونخوا کو مالی طور پر خود مختار بنائیں گے، پوری توجہ اپنے شہریوں کی فلاح بہبود پر مرکوز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہر لحاظ سے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے، شہدا کی قربانیوں کا بھر پور اعتراف اور لواحقین کیلیے خصوصی پیکج کا اہتمام کریں گے، حکومت سنبھالتے ہی صحت کارڈ کو پورے صوبے کیلیے بحال کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لنگر خانوں اور پنا گاہوں کو غریبوں کیلیے آباد کریں گے، کاروباری مواقع آسان بنائیں گے جس سے معاشی سرگرمیوں اور روزگار پیدا ہو۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کو شہریوں کیلیے مزید قابل رسائی بنائیں گے، نوجوانوں کو باعزت روزگار کیلیے آئی ٹی کے شعبوں میں مواقع فراہم کریں گے، پن بجلی کے نئے منصوبے لگائیں گے تاکہ توانائی میں صوبے کو خود کفیل کیا جا سکے، زراعت کے شعبے میں جدت لائیں گے تاکہ خوراک کی ضرورتیں پوری کر سکیں۔