کراچی پریس کلب کے باہر مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج کے خلاف شہر کے مختلف حصوں میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 27 فروری کو بھرپور احتجاج ہوگا، پُرامن مزاحمت ہماری کامیابی کی دلیل ہوگی، ہم قبضہ مافیا سے پورے شہر کو نجات دلائیں گے، کارکنان پُرامن طور پر واپس چلے جائیں۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سینئر رہنما صفدر عباسی نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا یہ بدترین مثال ہے، بہنوں اور بچیوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا، جے یو آئی کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔
متعلقہ: سندھ اسمبلی میں بیٹھنے والے جعلی مینڈیٹ والے ہیں، حافظ نعیم الرحمان
صفدر عباسی نے کہا کہ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا منگل کو یوم سیاہ منایا جائے گا، 27 فروری کو پورے سندھ میں بھرپور احتجاج ہوگا۔
ادھر جی ڈی اے رہنما سردار عبدالرحیم نے مطالبہ کیا کہ ہمارے تمام کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے کارکن موجود رہے۔