اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کےچئیرمین عمران خان نےکہا ہےکہ عوام نواز حکومت سے مقابلےکا فیصلہ کرچکی ہے آج اسلام آباد میں احتجاج کی قیادت کروں گا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اے آر وائی نیوز کے مقبول پروگرام’’کھراسچ‘‘میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس کی موجودگی میں جمہوری انداز میں احتجاج کرنےوالوں پرگولیاں چلائی گئیں، فیصل آبادمیں جو ہوا یہ سب راناثنااللہ نےکرایاہے،عمران خان نےکہاکہ یہ وہی کچھ ہورہاہےجوماڈل ٹاؤن میں ہوا۔
اُنہوں نے بتایاکہ ایک اور شہیدکارکن اصغر علی کی نعش کا پتہ نہیں چل رہا، ہمارے کئی کارکن لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے، آج بطور احتجاج پنجاب کے ہر ضلع میں ہمارےلوگ پرامن نکلیں گے، جبکہ اسلام آبادمیں احتجاج کی قیادت میں خود کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرناہمارا حق ہے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، ہمیں توعدالتوں نےبھی پرامن احتجاج کی اجازت دی ہے ،عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ اپنے ہر دور میں جمہوریت کےپیچھےچھپ جاتی ہے لیکن اب عوام فیصلہ کرچکی ہےکہ نواز حکومت کا مقابلہ کیاجائے گا۔