ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

ایشون نے بھارتی سرزمین پر تمام بولرز کو پیچھے چھوڑ دیا!

اشتہار

حیرت انگیز

روی چندرن ایشون نے بھارتی سرزمین پر وہ ریکارڈ بنا دیا جو اب تک کوئی دوسرا بولر نہ بنا سکا، انھوں نے انگلینڈ کے خلاف سنگ میل عبور کیا۔

بھارت کے نامور آف اسپنر روی چندرن ایشون نے بھارتی گراؤنڈز میں سب سے زیادہ وکٹیں لے کر تاریخ رقم کردی۔ رانچی میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ایشون نے بھارتی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ انیل کمبلے سے چھین لیا۔

وہ اپنے گراؤنڈز پر 59 ٹیسٹ کھیل کر اب تک 354 وکٹیں اپنے نام کے آگے درج کرواچکے ہیں۔ اس سے قبل بھارتی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ لیجنڈ لیگ اسپنر انیل کمبلے کے نام تھا وہ 63 ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 350 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

رانچی ٹیسٹ میں آف اسپنر نے 35 ویں مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ پانچ یا زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی انجام دیا اور اس ریکارڈ میں انیل کمبلے کی برابری کی۔

بین الاقوامی کرکٹ میں رچرڈ ہیڈلی ہیڈلی 36 بار، شین وارن 37 مرتبہ اور متھیا مرلی دھرن 67 بار ایک اننگز میں پانچ وکٹ لینے کا ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ ایشون ان تینوں کے بعد زیادہ 5 وکٹیں لینے والے چوتھے بولر ہیں۔

بھارتی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں روی چندرن ایشون 354 وکٹیں لے کر پہلے انیل کمبلے 350 وکٹیں لے کر دوسرے جبکہ ہربھجن سنگھ 265 وکٹیں لیے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

کمبلے نے اپنے 132 ٹیسٹ میچوں میں 619 وکٹیں حاصل کیں، ایشون نے اب تک 99 ٹیسٹ میچوں میں 507 وکٹیں اپنے نام کیں۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں کرکٹ ٹیسٹ 7 مارچ سے دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا جو کہ آف اسپنر کا 100 واں ٹیسٹ میچ بھی ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں