کہتے ہیں کہ موٹاپا انسان کی شخصیت اور خصوصاً خواتین کی خوبصورتی کو زیادہ متاثر کرتا ہے اور یہ بات بہت حد تک درست بھی ہے کیونکہ انسان جتنا بھی حسین ہو پر اسمارٹ نہ ہو تو موٹاپا چاند میں گرہن کے مترادف ہوتا ہے۔
موٹاپے کے شکار اکثر لوگ احساس کمتری کا شکار بھی ہوجاتے ہیں اور اس سے چھٹکارے کیلئے ہرممکن اقدامات بھی کرتے ہیں جس کیلئے مستقل مزاجی اور مرغن غذاؤں سے پرہیز سب سے اہم جز ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈیزائنر، میک اپ آرٹسٹ اور اداکارہ امبر خان نے بتایا کہ ان کی بیٹی علیزے نے حیرت انگیز طور پر اپنا 36 کلو وزن کم کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اتنی موٹی تھی کہ گردن پر دو بل پڑتے تھے اور میرے کپڑے بھی اس کو نہیں آتے تھے ان ہی باتوں کو دیکھ کر میں بھی پریشان سی ہوجایا کرتے تھی۔
امبر خان نے کہا کہ علیزے نے اپنا وزن کم کرنے کیلئے واقعی بہت محنت کی ہے اس نے یہ کام 6 سے 8 مہینے کے اندر کیا اور اس دوران وہ ہلکے سے ناشتے کے بعد پورے دن کچھ نہیں کھاتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف رات کو ایک بار ہی جی بھر کر کھاتی تھی اور بعد میں جم بھی جوائن کیا اور وہاں سے واپس آکر وہ سبزیوں کا مخصوص جوس پیتی تھی۔