اسلام آباد: ملسم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے پارٹی صدر شہباز شریف کی بطور وزیر اعظم نامزدگی کی منظوری دے دی۔
قائد (ن) لیگ نواز شریف کی زیرِ صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شہباز شریف کا نام وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر پیش کیا گیا جس کی منظوری دی گئی۔ پارٹی رہنماؤں نے ڈیسک بجا کر بھرپور انداز میں فیصلے پر آمادگی کا اظہار کیا۔
14 فروری کو نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کیلیے شہباز شریف جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کیلیے مریم نواز کو نامزد کیا تھا۔
ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف نے عوام اور سیاسی تعاون کرنے والی تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کیا، ان کا پختہ یقین ہے فیصلوں سے معاشی خطرات اور مہنگائی سے نجات ملے گی۔
اس سے قبل ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے نواز شریف سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ قبول کرنے کی درخواست کی تھی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کی ترقی کیلیے ہم تمام اختلافات کو بھلا کر اکٹھے ہوں، اختلافی مسائل کو دفن کریں، انا کا مسئلہ ختم کریں، پاکستان کے مفاد میں ذاتی مفاد کو ختم کریں اور ساتھ چلیں۔