اسلام آباد : نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سائفر کے بعد ایک اور ملک دشمنی کا ثبوت ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے نامزد وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، اس موقع پر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا ہے، یہ سائفر کے بعد ایک اورملک دشمنی کا ثبوت ہے، اس کے بعد کسی کو شک نہیں رہنا چاہیے
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں ملک مکمل تباہی کا شکار ہو، بانی پی ٹی آئی کا اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، خط میں کاش لکھ دیتے کہ میں قیدی ہوں اور کرپشن کیسز میں اندرہوں۔
پہلے امریکی سازش اور اب امریکا سے مدد ،آپ کی پالیسی ہے ؟کیا آئی ایف ایم کوخط لکھ کرملک میں بحران پیدا کرنا ہے، یہ اقدام ملک کے خلاف اور ذاتی انا کی تسکین ہے۔