پیٹ کمنز سے جب نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں فاسٹ بولر نیل ویگنر کی ریٹائرمنٹ سے واپسی کے امکان کے بارے پوچھا گیا تو وہ اپنی ہنسی نہ روک سکے۔
ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے کیویز کو 172 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔ میچ کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤتھی نے ویگنر کے ٹیم میں آنے کا اشارہ دیا تھا۔
کیوی پیسر نیل ویگنر حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں منتخب نہ ہونے پر ریٹائر ہوگئے تھے اور اس حوالے سے انھوں نے اپنا موقف بھی بیان کیا تھا۔
آسٹریلوی کپتان نے میچ کے بعد گفتگو کے دوران مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی مختصر ترین ریٹائرمنٹ ہوگی، اگر وہ نیوزی لینڈ کا اگلا بہترین باؤلر ہے جو آپ کے خیال میں کارکردگی دکھا سکتا ہے، تو آپ اسے ٹیم میں لائیں۔
انھوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی ان کا سامنا کیا ہے، وہ کافی پرجوش ہیں۔ یہاں ہر صبح ٹیسٹ میچ میں ان کا سامنا کرکے مزہ آئے گا دیکھیں کیا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ویگنر نے سیریز سے پہلے ایک پریس کانفرنس میں روتے ہوئے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، جو کرکٹ کی دنیا کے لیے کافی حیرت انگیز تھا۔
ویگنر نے نیوزی لینڈ کے لیے 27.57 کی اوسط سے 260 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان میں سے آسٹریلیا کے خلاف 23.04 کی اوسط سے انھوں نے چار ٹیسٹ میں 24 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔