اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے محمود اچکزئی کے گھر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی ورکر پر تشدد کیخلاف کارروائی کی ہدایت دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عمر ایوب نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کل میں پارٹی کی طرف سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار تھا ، کل جب میں تقریر کررہاتھا اس کا ایک لفظ بھی حذب نہیں کیا گیا اور میری تقریر کو مکمل طورپربراہ راست نہیں دکھا گیا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر شہبازشریف کی تقریر لائیو دکھائی گئی ، میری تقریر نہ دکھانے پر تحریک پیش کرناچاہتاہوں، جس پر اسپیکر ایازصادق نے کہا کہ آپ اپنی تحریک مجھے پیش کردیں۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ رکن نے کہا کہ کل محموداچکزئی کے گھر پر چھاپہ ماراگیا، محموداچکزئی کے گھر سے دو گارڈز کو اٹھایاگیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، محموداچکزئی بھی اس چھاپے کیخلاف قرارداد پیش کریں گے۔
جس پر اسپیکر ایازصادق نے کہا کہ آپ پوائنٹ آف آرڈر پر بات کریں تقریر نہ کریں، کوئی سیاسی کارکن زخمی ہوتا ہے تو سب کو تکلیف ہوتی ہے۔
عمر ایوب نے بتایا کہ ہمارے ایم این ایز جو جیت گئے ان کےالیکشن کی دوبارہ گنتی بلاجواز ہے، پی ٹی آئی کاورکرفارم سینتالیس کیخلاف احتجاج کررہاتھا پنجاب پولیس نے اس پرتشددکیا، وہ اسپتال میں ہے۔
تحریک انصاف کے رہنمانے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عثمان آئی جی پنجاب کوفوری طورپرہٹایاجائے اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز پر ورکروں پر تشدد کی ذمےداری عائد کی جائے۔