پاکستان کے مایہ ناز نسیم شاہ نے اپنی تیز بولنگ سے دنیا کے بڑے بڑے بلے بازوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے لیکن وہ خود ایک بلے باز کو بولنگ کرنے سے گھبراتے ہیں۔
نسیم شاہ پاکستان کے فاسٹ بولنگ اٹیک کا اہم رکن ہیں جو بدقسمتی سے ایشیا کپ کے دوران کاندھے کی انجری کا شکار ہوکر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے جس کا خمیازہ پاکستان کو میگا ایونٹ میں فائنل فور سے پہلے ہی باہر ہونے کی صورت میں کرنا پڑا۔
تاہم نوجوان پیسر مکمل فٹ ہونے کے بعد اس وقت پاکستان سپر لیگ میں جلوہ گر ہیں اور اپنی تیز بولنگ کی دہشت سے بیٹرز کو خوفزدہ کر رہے ہیں تاہم نسیم شاہ اعتراف کرتے ہیں کہ دنیا میں ایک بلے باز ایسا بھی ہے جس کو وہ بولنگ کرنے سے گھبراتے ہیں۔
نسیم شاہ جس بلے باز کو بولنگ کرتے ہوئے مشکل میں آتے ہیں وہ کوئی اور نہیں بلکہ عالمی نمبر ایک بیٹر اور سابق قومی کپتان بابر اعظم ہیں جن سے دنیا کے بڑے بڑے بولر بھی خوف کھاتے ہیں۔
ایک کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں نوجوان قومی پیسر نے بابر اعظم کے خلاف بولنگ کو زبردست چیلنج قرار دیتے ہوئے رواں پی ایس ایل میں بابر اعظم کو بولنگ کے تجربے کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے ایک غیر معمولی یارکر کرائی لیکن بابر نے اسے مہارت سے تھرڈ مین کی جانب کھیل دیا
پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ نے کہا کہ بابر اعظم ایسے بیٹر ہیں جو کمزور بولنگ پر بولر کو اچھے شاٹس کے ذریعے سزا دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے معاملے میں اگر آپ خراب گیند کرتے ہیں تو وہ اسے باؤنڈری سے باہر پھینک دیتے ہیں لیکن اچھی گیند کے خلاف آپ کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ وہ آؤٹ ہو جائے گا۔
نسیم شاہ نے کہا کہ بابر اعظم کی وہ کلاس ہے کہ وہ اچھی ڈیلیوری پر بھی ایسے شاٹس کھیل سکتے ہیں جو بولر کو پریشان کر دیتے ہیں، بولرز کو ان پر قابو پانے کے لیے انتہائی چالاکی سے کام لینا پڑتا ہے۔