کراچی میں گزشتہ رات سنگر چورنگی پر ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا ڈھونگ رچانے والا خود ہی ڈکیت نکلا۔
گزشتہ رات سنگر چورنگی پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا تھا جبکہ عوامی کالونی پولیس نے اسپتال پہنچ کر تحقیقات شروع کی تھی۔
زخمی شہری کے مختلف بیان سے پولیس کو معاملہ مشکوک لگا۔ پولیس کے مطابق تلاش ڈیوائس سے ملزم کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا، ملزم پر ڈکیتی اور ناجائز اسلحے کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم سعید آباد پولیس کے ہاتھوں ماضی میں بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ گزشتہ روز نارتھ کراچی میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی۔
جمعہ کی صبح موٹرسائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے ہوٹل پر لوٹ مار کی۔ ڈاکو شہریوں سے فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار بآسانی فرار ہوئے تھے۔ اس کے خلاف خواجہ اجمیر نگری پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔