11.2 C
Dublin
پیر, مئی 13, 2024
اشتہار

جاپان میں 13 ملین ڈالر کی قیمتی گھڑیاں ’غائب‘ ہو گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

ٹوکیو: جاپان میں 13 ملین ڈالر کی 900 لگژری گھڑیاں ’غائب‘ ہو گئیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق جاپان میں تقریباً ایک کروڑ تیس لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی قیمتی گھڑیاں اس وقت غائب ہوئیں جب ایک سائٹ نے انھیں کرائے پر لیا تھا، جب کہ سائٹ کا مالک دبئی فرار ہو گیا۔

مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ گھڑیوں کے غائب ہونے کا انکشاف اس وقت ہوا جب کہ آن لائن رینٹل پلیٹ فارم کی بندش کی خبر سامنے آئی۔ گھڑیوں میں رولیکس، اومیگا اور ٹاگ ہوئر جیسے انتہائی بیش قیمت برانڈز شامل ہیں، اور وہ ایک ایسے آن لائن پلیٹ فارم کے قبضے میں تھیں جو انھیں مختلف گاہکوں کو کرائے پر دیتا تھا۔ واضح رہے کہ جاپان میں اس قسم کے کاروبار کو ’شیئرنگ اکانومی‘ کہا جاتا ہے، جاپانی معیشت میں اشیا اور سروسز کا اس طرح مشترکہ استعمال عام ہے۔

- Advertisement -

پولیس حکام کے مطابق رینٹل ویب سائٹ کا مالک مبینہ طور پر فرار ہو کر دبئی جا چکا ہے، مذکورہ ویب سائٹ جاپانی شہر اوساکا سے کام کر رہی تھی اور اس کا نام Toke Match تھا۔ جن بیش قیمت گھڑیوں کو اب تک برآمد نہیں کیا جا سکا، ان کی تعداد تقریباً نو سو بتائی گئی ہے۔

’ٹوکے میچ‘ نامی ویب سائٹ ’نیو ریزرو‘ نامی کمپنی کے زیر انتظام کام کرتی تھی، اس پلیٹ فارم نے گھڑیاں کرائے پر دینے کی اپنی سروس 31 جنوری کو بند کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں رکھوائی گئی تمام لگژری گھڑیاں ان کے مالکان کو واپس کر دے گا، تاہم سائٹ بند ہونے کے بعد مالک فرار ہو گیا۔

پولیس کو اوساکا، ٹوکیو اور دیگر شہروں میں ایسی تقریباً 190 گھڑیوں کے مالکان کی جانب سے 40 سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں کہا گیا تھا کہ کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود گھڑیاں انھیں واپس نہیں کی گئیں۔

پولیس تفتیش کاروں کے مطابق ان سیکڑوں گھڑیوں میں سے بہت سی اب تک مجرمانہ طور پر آن لائن فروخت بھی کی جا چکی ہیں۔ پولیس نے ’ٹوکے میچ‘ کے تاکازومی کومیناتو نامی مالک کے خلاف کئی ملین ڈالر کی مجرمانہ دھوکا دہی کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں