لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں غریب آدمی کا خیال رکھنے کے لیے ہی آئی ہوں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز آفس سے واپسی پر اچانک جوہر ٹاؤن ماڈل بازار پہنچ گئیں، اس دوران انہوں نے اسٹالز کا معائہ کیا اور پھلوں، سبزیوں کی قیمتیں دیکھیں۔
مریم نواز نے کریانہ اسٹور اور پھلوں، سبزیوں کے اسٹالوں پر ریٹ لسٹ چیک کی۔
انہوں نے خریداری کے لیے آنے والی خواتین سے ہاتھ ملایا اور بچیوں کو پیار کیا، مریم نواز نے رمضان بازار میں آئی خواتین سے گفتگو بھی کی اور صورتحال سے متعلق دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ نے خاتون سے پوچھا کہ کیا بنا رہی ہیں؟ خاتون نے کہا کہ رمضان میں یہ سب سے مشکل سوال ہے۔
علاوہ ازیں بازار میں آئی خواتین خریداروں نے مریم نواز سے پھلوں کے زیادہ نرخ کی شکایت کی، بزرگ خاتون نے چارٹ کے لیے استعمال ہونے والے پھل کیلا، خربوزہ اچانک مہنگے ہونے کی شکایت کی۔
بزرگ خریدار نے کہا کہ لوگ آپ کے ساتھ ہیں کیونکہ عوام کے مسائل ایک عورت ہی سمجھ سکتی ہے، مریم نواز نے کہا کہ میں غریب آدمی کا ہی خیال رکھنے کے لیے آئی ہوں۔