قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پی پی رہنما اور صدر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 فروری کو عام انتخابات کے بعد خالی ہونے والی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر الیکشن کمیشن نے آئندہ ماہ 21 اپریل کو ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا جس کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے نوابشاہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
آصفہ بھٹو نے آر او ایڈیشنل کمشنر ٹو شیر علی جمالی کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو اور وکلا کی ٹیم بھی موجود تھی۔
کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کے بعد آصف بھٹو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی روانہ ہو گئیں۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو مذکورہ حلقے سے آصف علی زرداری کامیاب ہوئے تھے تاہم ان کے صدر مملکت بننے پر یہ نشست خالی ہوئی تھی جس پر ان کی صاحبزادی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔