بھارت میں جاری ویمنز پریمیئر لیگ میں ایلمنیٹر جیتنے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کی بلے باز ایلیس پیری کو ٹاٹا کی جانب سے انوکھا تحفہ دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں کھیلی گئی ویمنز پریمیئر لیگ رائل چیلنجرز بنگلور نے جیت لی۔ فائنل میں دہلی کیپٹلز کو ہرا کر کپتان سمرتی مندھانا نے ٹرافی اٹھائی۔
تاہم فائنل میچ سے قبل ایلمنیٹر میں اپنی شاندار بیٹنگ سے دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کو ہرا کر فائنل میں پہنچانے پر رائل چیلنجرز بنگلور کی بیٹر ایلیس پیری کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ساتھ ہی بھارت کے بڑے بزنس گروپ ٹاٹا کی جانب سے انہیں نا قابل یقین یادگار تحفہ دیا گیا۔
ٹاٹا موٹرز کی جانب سے میچ کی بہترین کھلاڑی ایلیس کو ایک کار کی ٹوٹی ہوئی کھڑکی کا شیشہ خصوصی طور پر فریم کرا کے دیا گیا۔ یہ وہی کار ہے جس پر اسی لیگ میں ایک چھکے کے دوران گیند لگنے سے شیشہ ٹوٹ گیا تھا۔
اور یہ کارنامہ کسی اور نے نہیں بلکہ خود ایلیس پیری نے انجام دیا تھا۔ ایلیس جن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے، انہوں نے یوپی واریئرز کے خلاف میچ کے دوران چھکا لگایا تھا۔ زور دار طریقے سے ماری گئی ہٹ پر یہ گیند باؤنڈری کے قریب ڈسپلے کے لیے کھڑی کار سے جا ٹکرائی تھی اور یوں نئی کار کا شیشہ ٹوٹ گیا تھا۔
View this post on Instagram
واضح رہے جس میچ میں انہیں کار کا ٹوٹا شیشہ بطور تحفہ دیا گیا اس میچ میں ایلیس نے 50 گیندوں پر 66 رنز کی فتح گر اننگ کھیلی تھی جب کہ 29 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی تھی۔