ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2022 کے سلسلے میں پاکستان میں آخری سیریز ہوگی۔
دورے میں پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے شامل ہے، ون ڈے میچز 18، 21 اور 23 اپریل کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو شیڈول ہیں، ون ڈے انٹرنیشنل میچ شام ساڑھے تین بجے شروع ہونگے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔
پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر ہے، پاکستان نے 18 میچوں میں 16 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا 2021 کے بعد دوسرا دورۂ پاکستان ہوگا۔