لاہور: یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ نے ستلج رینجرز کی جگہ ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کی مناسبت سے مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، مزار اقبال پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے نے فرائض سنبھال لیے۔
پاک فضائیہ کے دستے کی جانب سے مزار اقبال پر سلامی دی گئی جس میں ایئروائس مارشل طارق محمود تقریب کے مہمان خصوصی تھے، مہمان خصوصی ائیروائس مارشل طارق محمود نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔
واضح رہے کہ آج پاکستان بھر میں یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، اس موقع پر جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان نے قوم کو مبارکباد دی۔