شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شمعون عباسی نے والدہ سے دوری کی وجہ بیان کردی۔
اداکار شمعون عباسی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی والدہ سے تعلقات سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی والدہ کی سخت طبیعت کی وجہ سے کبھی ان کے زیادہ قریب نہیں رہا اور والد سے علیحدگی کے بعد مجھ سے ناراض رہنے لگیں یہاں تک کہ مجھ سے بات کرنا بھی بند کردی تب میں انہیں بہت یاد کرتا تھا۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ والدہ نے والد سے علیحدگی کے بعد دوسری شادی کی لیکن وہ بھی زیادہ دیر نہیں چل سکی تھی۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ میری والدہ ہر وقت غصے میں رہتی تھیں اور دوسروں کی وجہ سے مجھے ڈانٹتی تھیں۔
اداکار نے بتایا کہ میں والدہ سے ان کے آخری وقت میں نہیں مل سکا کیونکہ انہوں نے مجھے اپنی صحت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا اور ان کے انتقال کے بارے میں مجھے کسی نے کال کرکے بتایا۔
انہوں نے کہا کہ والدہ کی زندگی کے آخری دنوں میں ایک خاندان ان کی دیکھ بھال کرتا تھا لیکن 2 دن تک وہ کسی وجہ سے والدہ کے پاس نہیں آسکے تھے اور اس دوران ان کا انتقال ہوگیا۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ دو دنوں تک والدہ کی لاش کسی نے نہیں دیکھی اور یہ وہ چیز ہے جس نے مجھے آج تک تکلیف سے نہیں نکلنے دیا۔