بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے دومک گاؤں کے رہائشیوں نے مرکزی سڑک کی تعمیر نہ ہونے پر لوک سبھا الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گاؤں والوں نے سیند سے دمک اور کلگوٹ تک سڑک کی تعمیر کیلیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کے کنوینر اور گاؤں کے سابق سربراہ پریم سنگھ سنوال نے بتایا کہ لوگوں نے سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کرنے کیلیے 1990 سے اب تک دو بار انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔
پریم سنگھ سنوال نے بتایا کہ دومک کے مکینوں نے 2019 کے لوک سبھا الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا تاہم ضلعی انتظامیہ نے سڑک کی تعمیر کیلیے پولنگ سے ایک ہفتہ قبل گاؤں میں مشینیں بھیجی تھیں جس کے باعث بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لیا تھا۔
ان کے مطابق جیسے ہی الیکشن ختم ہوئے انتظامیہ گاؤں سے تمام مشینیں لے کر چلی گئی اور اب پانچ سال ہونے کے باوجود سڑکی کی تعمیر نہیں ہو سکی۔
انہوں نے بتایا کہ گاؤں والوں نے جنوری میں احتجاج کیا تھا تاہم وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی مداخلت اور یقین دہانی کے بعد احتجاج ملتوی کر دیا گیا تھا لیکن تعمیراتی کام ابھی تک شروع نہیں ہو سکا۔
پریم سنگھ سنوال کے مطابق ہم نے 15 مارچ کو ضلع مجسٹریٹ کو ایک میمورنڈم ارسال کر دیا جس میں الیکشن کے بائیکاٹ کے بارے میں بتایا گیا لیکن ہمیں اب تک جواب موصول نہیں ہوا۔