لاہور: پنجاب میں ایک دن میں نقل کا مسلسل چوتھا بڑا کیس سامنے آنے کے بعد سپرنٹینڈنٹ سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سول لائنز کالج اور ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن میں پورا سینتر پکڑا گیا۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق عملے کے خلاف طلبہ کی گواہیاں بھی سامنے آگئیں۔
طلبہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ عملہ پیپر حل کروانے کیلیے پیسے ڈیمانڈ کرتا ہے، نگراں عملہ امیدواروں کو اپنا رابطہ نمبر دیتا اور جاز کیش کروانے کو کہتا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ امیدواروں سے چار چار ہزار روپے ڈیمانڈ کیے گئے، عملہ کو گرفتار کروا دیا اور اب مانیٹرنگ کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔
قبل ازیں، گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزہ زار میں عملہ نقل کرواتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ عملے نے پیسوں کی ڈیمانڈ کے عوض پیپر حل کرانے کی پیشکش کی تھی۔
طلبہ نے بیان میں کہا تھا کہ عملہ خود آ کر پرچہ حل کرانے میں مدد اور پیسوں کی پیشکش کر رہا ہے اور زبردستی دوسرے امیدوار کو نقل کرانے کا کہا جاتا ہے۔
اس پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ میٹرک کے بچوں کا امتحان انٹر کے انویجیلیٹرز لے رہے ہیں، چیکنگ پر امیدواروں کے پرچے بھی آپس میں تبدیل پائےگئے، طلبہ سے 5 سے 10 ہزار روپے مانگے جاتے تھے۔
انہوں نے پولیس طلب کر کے ایک نگراں کو گرفتار کروایا اور کہا کہ شہروں میں یہ حالات ہیں تو دیہاتوں میں کیا حال ہوگا، خفیہ مانیٹرنگ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہوں۔