بھارت کے شہر چنڈی گڑھ میں 10 سالہ لڑکی اپنی سالگرہ کیلیے آن لائن آرڈر کے ذریعے منگوایا گیا کیک کھا کر موت کے منہ میں چلی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والی لڑکی کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے 24 مارچ کی شام بیکری سے آن لائن کیک آرڈر کیا تھا اور رات 11 بجے سالگرہ کی تقریب میں اسے کھایا۔
ان کے مطابق کیک کھانے کے تھوڑی دیر بعد اہل خانہ کی طبیعت بگڑنے لگی اور ہم فوری اسپتال پہنچے تاہم میری 10 سالہ بیٹی جس کی سالگرہ تھی وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔
لڑکی کے والد نے بتایا کہ میری دوسری بیٹی نے الٹی کر کے کیک باہر نکال دیا جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔
انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اس بارے میں جامع تحقیقات کی جائیں اور بیکری کے پروڈکس کی کوالٹی کو چیک کیا جائے۔
ادھر، پولیس نے ہلاک لڑکی کے اہل خانہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے کہا کہ موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے کیلیے ہم رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق فیملی کی شکایت پر بیکری مالک کے خلاف زہریلا کھانا فراہم کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔