منگل, دسمبر 24, 2024
اشتہار

بوجھ اشرافیہ پر ڈالا جائیگا، وزرا کا فیول بھی کم کریں گے، عطا تارڑ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا فوکس ہے کہ بوجھ اشرافیہ پر ڈالا جائے، وزرا کو دیئے جانیوالے فیول کو بھی کم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو اہداف دیئے ہیں، ہر منسٹری کو بتایا گیا ہے کہ شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم کیلئے کیا گولز ہیں۔

عطاتارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے اہداف کی نگرانی کیلئےجدید بنیاد پر نظام وضع کرنے کی ہدایت کی، یہ بھی دیکھا جائے گا کس وزارت نے کس حد تک اہداف مکمل کیے ہیں، تمام وزارتوں کو دستاویز کے ذریعے تحریری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ فنانس منسٹری کو ہدف دیا کہ مہنگائی، بے روزگاری میں کمی لانی ہے، قرضہ جات کی ری اسٹراکچرنگ اور ایف بی آر کی ڈیجٹلائزیشن کے حوالے سے بھی اہداف دیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہواہے کہ تحریری طور پر پہلی بار وزارتوں کو ہدف دیئے گئے، جب کابینہ اجلاس ہوگا تو وزارتوں سے اہداف پر جواب طلبی بھی ہوگی، غیر قانونی اسلحہ کیخلاف کریک ڈاؤن، دہشت گردی کی روک تھام سے متعلق اور غیر ملکی مقیم کے حوالے سے ہدف وزارت داخلہ کو دیا گیاہے۔

’’اس کے علاوہ وزیر داخلہ کو اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے بھی ٹاسک دیا گیاہے، جس کے بعد دیکھا جائے گا 6 ماہ میں جو ہدف پورا ہونا تھا وہ کتنے عرصے میں مکمل ہوا‘‘۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے بیشتر وزرا پرائیوٹ گاڑی استعمال کرتے ہیں، وزرا کو دیئے جانیوالے فیول کو بھی کم کیا جائے گا، فیول کی سب سے زیادہ کھپت موٹرسائیکل پرہورہی ہے، الیکٹرک بائیک پر جانے میں کامیاب ہوگئے تو فیول کی بھی بچت ہوگی، حکومت کوشش کررہی ہے کہ پالیسی بنائی جائے الیکٹرک بائیکس بنائی جائیں۔

عطاتارڑ کا بتانا تھا کہ پاکستان میں جتنے قوانین پاس ہوتے ہیں اس کیلئے ای پورٹل بنایا جائے گا، قوانین کے نفاذ پر عملدرآمد کیلئے بھی اہداف مقرر کئے گئے ہیں، وفاقی کابینہ میں خود احتسابی کا نظام متعارف کرایا جائیگا، کمزور طبقے کے تحفظ کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پی آئی اے کا سالانہ خسارہ 80 ارب روپے کاہے، پی آئی اے کی نجکاری کے مثبت اثرات معیشت پر پڑیں گے، پی آئی اے کی واجبات سے متعلق مذاکرات منطقی انجام تک پہنچ گئے، یہ مذاکرات پی آئی اے کی نجکاری میں مدد دینگے۔

عطاتارڑ نے بتایا کہ ٹیکس کلیکشن پر تیزی سے کام ہورہا ہے اس سے متعلق بھی وزیراعظم جلد قوم کو آگاہ کرینگے، وزیراعظم کی جانب سے ایف بی آر کے کرپٹ افسران کی پریڈ کرائی جائے گی، ملک میں کئی محکمے ہیں جو برائے نام چل رہے ہیں ان کو دیگر محکموں میں ضم کرینگے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ دنیا میں ہمارے آئی ٹی ماہرین کی مانگ ہے، ملک میں جدید ڈیجیٹل نظام لانا اہم اہداف ہیں، کوشش کریں گے کہ ایکس، فیس بک اور انسٹاگرام کے دفاتر پاکستان میں کھولیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں