نیوزی لینڈ 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان آ رہی ہے سیریز کے لیے گرین شرٹس کا اعلان کب کیا جائے گا اہم خبر آ گئی ہے۔
رواں سال جون میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور اس سے قبل نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آئرلینڈ سے سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی کرکٹرز کا کول میں فٹنس کیمپ جاری ہے جو 9 اپریل تک جاری رہے گا۔
اس کیمپ کے دوران ہی ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں پر مشاورت جاری ہے۔ کپتان بابر اعظم سے بھی رائے لینے کے بعد نام منظوری کے لیے کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو بھجوائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان 5 اپریل تک متوقع ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی اور ٹی 20 سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا، تین میچز پنڈی اور دو میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں آرام دیے جانے کا امکان ہے، ورک لوڈ کم کرنے کے لیے شاہین کو ابتدائی میچز میں ریسٹ دینے کی تجویز پر غور ہو رہا ہے، شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ سلیکٹرز نسیم شاہ کو بھی انجری اور ورک لوڈ سے بچانے کے لیے منتخب میچز میں کھلانے کے خواہشمند ہیں۔
سلیکشن کمیٹی ارکان ان دنوں فٹنس کیمپ میں موجود ہیں اور وہ ہر سیشن میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سلیکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ شاہین اور نسیم کے بارے میں بابر اعظم سے بھی تفصیلی بات ہوگی جس کے بعد حتمی فیصلہ بورڈ سربراہ کے ساتھ مشاورت سے ہوگا۔
ورلڈ کپ کے پیش نظر فاسٹ بولرز کو انجری سے بچانا اہم ترجیح قرار دی گئی ہے۔ فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راونڈر عماد وسیم کو میچ فٹنس کے لیے بھرپور موقع دیا جا سکتا ہے۔