پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

بورنگ سے زیر زمین پانی نکالنے کا ہولناک انجام کیا ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

کیا آپ جانتے ہیں کہ جب ہم بورنگ سے پانی نکالتے ہیں تو زمین کے گردشی محور کو تبدیل کرنے کا سبب بنتے ہیں؟ سوچیں، ہم اپنے ہاتھوں زمین کو ایک بڑی تباہی کی طرف کس طرح دھکیل رہے ہیں۔

ماہرین کی رائے ہے کہ دنیا بھر میں پانی کے زیر زمین ذخائر کے کثرت استعمال سے زمین کا گردشی محور اسی 80 سینٹی میٹر مشرق کی طرف سرک گیا ہے، جس سے زمین کے محور کے گرد گردش متاثر ہو رہی ہے۔

امریکا کی یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن کے ماہر کلارک آر ولسن نے زیر زمین پانی کے استعمال پر تحقیق کی ہے ان کے مطابق یہ امر انتہائی تشویش ناک ہے کہ تحقیق کے 17 سال کے عرصے میں زمین سے تقریباً 2100 گیگا ٹن پانی نکالا گیا، جس کے نتیجے میں عالمی سمندروں میں پانی کی سطح میں 1.3 ملی میٹر سالانہ کی شرح سے اضافہ بھی ہوا۔

- Advertisement -

اس تحقیق کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں پانی نکالے جانے کا اثر زمین کے گردشی محور پر بھی پڑا، جو اب 80 سینٹی میٹر مشرق کی جانب سرک چکا ہے۔

ولسن کے مطابق اگرچہ ماحولیاتی تبدیلیوں، گلیشیئرز کے پگھلنے اور سطح سمندر میں اضافے سے بھی زمین کی اس کے محور کے گرد گردش میں تبدیلیاں آتی ہیں، تاہم یہ امر پہلی مرتبہ باقاعدہ اور درست اعداد و شمار کے ساتھ سامنے آیا ہے کہ حد سے زیادہ گراؤنڈ واٹر پمپنگ بھی زمین کی اس کے محور کے گرد گردش کو متاثر کر رہی ہے۔

دنیا بھر میں کئی دہائیوں سے خشک سالی اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث زمین سے پانی نکالے جانے کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ جس سے بہت سے علاقوں میں زمین کی گہرائی میں پانی کی سطح اس حد تک گر چکی ہے کہ بورنگ سے بھی پانی نکالنا ممکن نہیں رہا۔

زمینی پانی کے نکالے جانے اور زمین کی گردش میں تعلق؟

اس تحقیق کے مصنف کی ویون سیو کے مطابق زمین کی اس کے محور کے گرد گردش کو قطبی گردش بھی کہا جاتا ہے۔ زمین پر مادے کی تقسیم میں ہونے والی تبدیلیاں اس گردش کا سبب بنتی ہیں، جس سے زمین کے قطبین  کی پوزیشن میں بھی وقت کے ساتھ تغیر آتا رہتا ہے اور یہ ایک بالکل قدرتی عمل ہے۔

مگر پچھلی تین دہائیوں سے زمین کے گردشی محور میں تبدیلی کی سب سے بڑی وجہ انسانی عمل و دخل ہے۔

پاکستان میں صورت حال کیسی ہے اور پاکستان میں زمین سے کتنا پانی نکالا جا رہا ہے؟

2020 میں ملٹی ڈسپلنری ڈیجیٹل پبلشنگ انسٹیٹیوٹ کی ایک ریسرچ کے مطابق دنیا بھر میں زیر زمین پانی کو سب سے زیادہ استعمال کرنے والے ممالک میں پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک میں استعمال ہونے والے کل پانی کا 60 فی صد گراؤنڈ واٹر پمپنگ یا بورنگ سے حاصل کیا جاتا ہے۔

زیر زمین پانی پر تحقیق کے ماہر اسد سرور قریشی کے مطابق پاکستان میں زیر زمین پانی کے استعمال کا آغاز 1960 میں ہوا تھا جب ٹیوب ویلوں کی مدد سے زیر زمین پانی نکالا جانے لگا، جس کا مقصد فصلوں کو سیراب کرنا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ 1960 تک ملک بھر میں ان ٹیوب ویلوں کی تعداد محض 30 ہزار تھی، جو 2018 تک درجنوں گنا زیادہ ہو کر 12 لاکھ سے بھی تجاوز کر چکی تھی۔

اسد سرور قریشی کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ٹیوب ویلوں سے پانی بغیر کسی چیک اینڈ بیلنس کے نکالا جا رہا ہے، جس سے بہت سے انتہائی سنجیدہ ماحولیاتی مسائل نے جنم لیا ہے۔

آب پاشی کے لیے دنیا بھر میں زمین سے پانی نکالا جاتا ہے مگر وہاں زیر زمین پانی کے استعمال کا طریقہ کار موجود ہے مگر پاکستان میں زیر زمین پانی بغیر کسی منصوبہ بندی کے بورنگ کے ذریعے نکالنے سے زمین کھوکھلی ہو رہی ہے۔ آبادی میں اضافہ اور پانی کی طلب کی بنا پر پچھلے چند سالوں سے زیر زمین پانی کو بورنگ کے ذریعے نکالنے میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جو ماحولیات اور زمین پر موجود درختوں اور سبزے کی بقا کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔

پاکستان کے واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق 12.5 ہارس پاور کا ایک شمسی ٹیوب ویل روزانہ 35 ہزار گیلن پانی زمین سے نکالتا ہے، یہ شرح 1.5 کیوسک ماہانہ بنتی ہے، جو انتہائی حد تک زمین کے تحفظ کے لیے تشویش ناک ہے۔

Comments

اہم ترین

ندیم جعفر
ندیم جعفر
ندیم جعفر اے آر وائی نیوز سے وابستہ ایک ممتاز صحافی ہیں جو کہ مختلف سماجی اور سیاسی موضوعات پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ ندیم کراچی یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کی ڈگری اور آسٹریلیا کے ایک باوقار ادارے سے ایڈوانس سرٹیفیکیشن کے حامل ہیں۔

مزید خبریں