آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں سال جون میں ہوگا جس کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں شیڈول ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ پہلی بار امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جا رہا ہے جس میں اب دو ماہ کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت میچ امریکی شہر نیویارک میں ہونا ہے اور اس اسٹیڈیم کی تعمیر جاری ہے۔
وقت کم اور مقابلہ سخت ہونے کے باعث شائقین کرکٹ بے چین ہیں کہ کب دنیائے کرکٹ کے اس بڑے مقابلے کے میزبان اسٹیڈیم کی تکمیل کی نوید آتی ہے تو خبر یہ ہے کہ نیویارک شہر میں نساو کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر زور وشور سے جاری ہے اور وہ اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
اس حوالے سے آئی سی سی نے اسٹیڈیم کی تازہ ترین ویڈیو جاری کی ہے اور آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلے کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ تعمیراتی کام پلان کے مطابق چل رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تعمیراتی کام تیزی سے ہو رہا ہے اور اسٹیڈیم میں نارتھ اور ساؤتھ اینڈز پر پریمیئم ہاسپیٹیلیٹی اور میڈیا پویلینز کی تعمیر جاری ہے۔
View this post on Instagram
مذکورہ اسٹیڈیم کی تکمیل کے بعد 24 ہزار تماشائی میدان میں براہ راست کرکٹ کے سنسنی خیز لمحات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
واضح رہے کہ مذکورہ اسٹیڈیم میں بھارت کے تمام گروپ میچز کھیلے جائیں گے اور میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو ہوگا۔