صہیونی حملے میں حماس رہنما کے تین بیٹوں اور تین پوتوں کی شہادت پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسماعیل ہنیہ کو فون کیا اور تعزیت کا اظہار کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صہیونی حملے میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹوں اور تین پوتوں کی شہادت پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسماعیل ہنیہ کو فون کیا اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اردوان نے اسماعیل ہنیہ سے کہا کہ میں اپنی جانب سے تعزیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور انہیں جنت میں شہدا کے طور پر قبول فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک قوم ہیں، غزہ اور فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہر مسلمان اور ہر آزاد کے دل میں ہے، امید ہے عید کے بعد ملوں گا۔
ترک صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیل کو انسانیت کے خلاف ہونے والے جرائم کے لیے قانون کے سامنے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
حماس رہنما اسماعیل ہنیہ نے ترک صدر کے اظہار تعزیت کے لیے فون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کال کے لیے اظہار تشکر کرنا چاہتا ہوں جو کہ اندر اور باہر دونوں طرف ایک قوم کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ میرے بچے اور پوتے شہید ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں شہادت سے نوازا ہے اور میری دعا ہے کہ وہ انہیں قبول فرمائے۔
واضح رہے کہ عید کے روز قابض اسرائیلی فوج نے غزہ میں وحشیانہ بمباری کی جس میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔ ان شہدا میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹے حازم، امیر اور محمد ہنیہ سمیت اور تین پوتوں نے بھی جام شہادت نوش کیا،