24.5 C
Boydton
منگل, مئی 21, 2024
اشتہار

ویڈیو: سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنیوالے ملزمان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق ممبئی کرائم برانچ نے اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گجرات سے گرفتار کر لیا ہے اور ممبئی کرائم برانچ کے سینیئر افسر نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

پولیس نے بھج میں فائرنگ کیس میں ملوث موٹر سائیکل سوار دونوں ملزمان کا سراغ لگایا اور ایک ٹیم نے گجرات جا کر دونوں ملزمان کو ماتا کے مدھ کے قریب سے گرفتار کیا جنہیں تفتیش کے لیے ممبئی منتقل کر دیا گیا ہے۔

- Advertisement -

 

رپورٹ کے مطابق ملزمان کی شناخت 24 سالہ وکی گپتا اور 21 سالہ ساگر نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمین بہار کے چمپارن کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ شرٹ میں نظر آنے والے ملزم کا نام ساگر جبکہ ٹی شرٹ پہنے ملزم کا نام وکی گپتا ہے۔

 

پولیس کے مطابق سلمان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے حملہ آور واردات کے بعد موٹر سائیکل پر ماؤنٹ میری چرچ پہنچے تھے جہاں انہوں نے بائیک کو چھوڑا اور کچھ پیدل چلنے کے بعد آٹو رکشا کے ذریعے باندرہ ریلوے اسٹیشن پہنچے جہاں سے وہ بوریولی جانے والی ٹرین میں سوار ہوئے لیکن سانتا کروز ریلوے اسٹیشن پر اتر گئے۔ ملزمان کو مذکورہ تمام مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ اتوار 14 اپریل کی علی الصباح 5 بجے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے باندرہ میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر ہوا میں چار راؤنڈ فائر کیے تھے۔ دونوں حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ دونوں ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ ان گولیوں کے نشانات سلمان کے اپارٹمنٹ کے باہر بھی ملے ہیں۔ ایک گولی اس کی بالکونی کے جال سے بھی گزری۔

سلمان خان کے گھر فائرنگ کی ویڈیو وائرل

سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کو دیکھ کر پولیس نے ایک ملزم کو شناخت کر لیا تھا جس کے بعد ان کی گرفتاری کی یہ کامیاب کارروائی کی گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں