کراچی : پولیس یونیفارم میں برگر چین لوٹنے والے ملزم نے میڈیکل اسٹور پر لوٹ مار کی ویڈیو سامنے آگئی، پولیس وردی میں ملبوس ملزم نے ماسک اور کمر پر بیگ لٹکا رکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس یونیفارم میں برگرچین لوٹنے والے ملزم نے میڈیکل اسٹور پر بھی واردات کرڈالی، ملزم نے دن دیہاڑے شرف آباد میں میڈیکل اسٹور میں لوٹ مار کی۔
پولیس یونیفارم میں لوٹ مار کرنےکی سی سی ٹی وی سامنے آگئی ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم مخصوص انداز میں اکیلاموٹر سائیکل پر میڈیکل اسٹورپہنچا، پولیس وردی میں ملبوس ملزم نےماسک اورکمرپربیگ لٹکا رکھا تھا۔
ملزم نے میڈیکل اسٹور میں داخل ہوتے ہی پہلے گاہک پھرکاؤنٹرمیں لوٹ مارکی ساتھ ہی کاؤنٹر سے 50 ہزار روپے اور اسٹور میں موجود 3 افراد سے موبائل چھینا۔
پولیس یونیفارم میں ملبوس ملزم میڈیکل اسٹورمیں واردات کے بعد فرارہوگیا۔
یاد رہے 15 اپریل کو طارق روڈ میں مبینہ پولیس اہلکار کی پاکستانی برگرچین کی بیکری پر ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ میں مبینہ پولیس اہلکار نے پاکستانی برگرچین کی بیکری پر ڈکیتی کی واردات کی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آئی تھی۔
ویڈیو میں ملزم کو موٹرسائیکل پر آتے دیکھا جاسکتاتھا ، ڈاکو نے پولیس مشابہت کی پینٹ اور جوتے پہن رکھے تھے، ملزم نے اسلحے کے زور پر اسٹاف کو یرغمال بنایا اور کیش کاونٹر پر موجود تمام رقم کو لوٹا۔