اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نادرا ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرداخلہ نے غیر مؤثر اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر موبائل سمز کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی غیر موثر ، زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری سمز کارڈز کوجلد بند کیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پنجاب میں ماڈل تھانوں کی طرز پر ملک بھر میں نادرا آفس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ماڈل نادرا آفس سے سروس ڈلیوری میں بہتری ،عوام کوسہولت ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نادرا پاکستان کی پہچان ہے، عوام کو تیز رفتار سروس فراہم کرنے کیلئےنادراکے ماڈل آفس بنائے جائیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ نے چیئرمین نادرا محمد منیر افسر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد منیرافسر نے محنت سے فرائض انجام دے کر نادرا کو فرینڈلی ادارہ بنایا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔